جدہ میں 150 سالہ قدیم درخت ’الباوباب‘ کی کہانی
کہا جاتا ہے یہ دنیا کے قدیم درختوں میں سے ایک ہے (فوٹو: اخبار 24)
کرہ ارض کے قدیم درختوں میں سے ایک درخت ’الباوباب‘ جدہ میں لوگوں کی دلچسپی کا موضوع بنا ہوا ہے۔
اخبار24 کے مطابق ’الباوباب‘ درخت کی عمر 150 برس سے زیادہ ہے۔ جدہ کے تاریخی علاقے کی فصیلوں کے قریب یہ درخت مسافروں کے لیے سایہ فراہم کرتا رہا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے’ 150 برس قبل کسی حاجی نے ایک پودا جدہ التاریخیہ کی فصیل میں لگا یا تھا جو تناور درخت کی شکل اختیار کیے ہوئے ہے‘۔
الباوباب درخت افریقہ کے میدانی علاقوں میں پائے جاتے ہیں۔ بلند و بالا درختوں کی اونچائی سو فٹ کے لگ بھگ ہوتی ہے۔
کہا جاتا ہے یہ دنیا کے قدیم درختوں میں سے ایک ہے۔ اس درخت کے کئی فوائد ہیں۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت مکہ مکرمہ ریجن برانچ کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر ولید آل دغیس نے بتایا کہ’ یہ درخت یہاں ’الحبحبوہ‘ کے نام سے مشہور ہے‘۔
’اس کے پھل کی شکل ناشپاتی سے ملتی جلتی ہے۔ اس میں سیاہ رنگ کے بیج ہوتے ہیں جن پر خشک سفید مادہ چڑھا ہوتا ہے۔ اس کا پاؤڈر ایک حد تک کڑوے کسیلے ذائقے کا ہوتا ہے‘۔
انجینیئر ولید آل دغیس کا کہنا ہے کہ’ اس درخت کا اصل وطن اسطوائی علاقے ہیں۔ یہ جنوبی افریقہ، بوٹسوانا، موزمبیق، مڈغاسکر اور مغربی سوڈان وغیرہ افریقی ممالک میں پیدا ہوتا ہے۔ ماحولیاتی توازن میں اس کا کردار اہم مانا جاتا ہے‘۔