کندھے کی انجری کے باعث نسیم شاہ ایشیا کپ سے باہر ہوگئے
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بیان جاری کیا ہے کہ ’انڈیا کے خلاف میچ میں نسیم شاہ کو دائیں کندھے میں تکلیف ہوئی۔‘ (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کندھے کی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو پاکستان کرکٹ نے بیان جاری کیا ہے کہ نسیم شاہ سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ سے قبل کندھے کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ بولر زمان خان کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ ’انڈیا کے خلاف میچ میں نسیم شاہ کو دائیں کندھے میں تکلیف ہوئی۔ انہیں ٹیم کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں مسلسل رکھا جا رہا ہے اور ورلڈ کپ سے قبل تمام احتیاطی تدابیر کی جا رہی ہیں۔‘
انڈیا کے خلاف کولمبو میں پیر اور منگل کو کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے میچ میں نسیم شاہ کے علاوہ فاسٹ بولر حارث رؤف بھی پسلیوں کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے جس کے بعد ان سے میچ کے ریزرو ڈے پر بولنگ نہیں کروائی گئی تھی اور انہیں آرام دیا گیا تھا۔
پاکستان ٹیم نے بتایا ہے کہ حارث رؤف دائیں پسلی کی تکلیف سے چھٹکارہ حاصل کر رہے ہیں۔
ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم نے بیان دیا کہ ’یہ دونوں فاسٹ بولرز ہمارا سرمایہ ہیں اور ٹیم کا میڈیکل پینل انہیں ورلڈ کپ سے قبل بہترین طبی سہولیات فراہم کرے گا۔‘
خیال رہے حارث رؤف کی جگہ فاسٹ بولر شاہنواز دہانی کو پاکستان ٹیم کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم حارث رؤف ابھی ایشیا کپ سے باہر نہیں ہوئے۔
دوسری جانب منگل کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے سری لنکا کو شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ جمعرات کو شیڈول پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم انڈیا سے فائنل کھیلے گی۔