اگر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو گیا تو کیا ہوگا؟
منگل کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے سری لنکا کو شکست دے دی۔ (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)
سری لنکا میں جاری ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں جمعرات کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اہم میچ کھیلا جائے گا۔
منگل کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے سری لنکا کو شکست دے دی جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ میچ ایشیا کپ کا سیمی فائنل بن گیا ہے۔
اس میچ میں جو ٹیم جیتے گی وہ اتوار کو انڈیا کے خلاف ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔
کولمبو میں کھیلے جا رہے سپر فور مرحلے میں تقریبا ہر میچ بارش سے متاثر ہو رہا ہے جس کے بعد جعمرات کو بھی کولمبو میں بارش متوقع ہے۔
موسم کی خرابی کے باعث ایک مرتبہ پھر سے یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو کون سی ٹیم فائنل میں جائے گی؟
اس کا جواب کچھ یوں ہے کہ اگر ایشیا کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو سری لنکا اور پاکستان دو دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں تاہم دونوں ٹیموں کے نیٹ رن ریٹ میں نمایاں فرق ہے۔
انڈیا سے شکست کے بعد سری لنکا کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.200 ہے جبکہ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ منفی 1.892 ہے۔
اگر یہ میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا جس کے بعد سری لنکا اور پاکستان کے تین تین پوائنٹس ہو جائیں گے لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث سری لنکا فائنل میں پہنچ جائے گا۔
خیال رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اس میچ کے لیے کوئی ریزرو ڈے یعنی اضافی دن نہیں رکھا گیا ہے۔