Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکارہ نوشین شاہ کنگنا رناوت پر برہم کیوں؟

پاکستانی اداکارہ نوشین شاہ کا کہنا ہے کہ وہ زندگی میں ایک بار کنگنا رناوت سے مل کر انہیں تھپڑ مارنا چاہتی ہیں۔
ہوا کچھ یوں کہ کچھ دن قبل پاکستان کے نجی ٹی وی چینل کے ایک ٹی وی شو میں جب میزبان نے اداکارہ نوشین شاہ سے پوچھا کہ کیا کبھی اُن کی کسی انڈین اداکار سے ملاقات ہوئی ہے؟
تو انہوں نے جواب دیا کہ ’نہیں۔ پڑوسی ملک کے لوگ ہیں۔ عزّت دو عزت لو والی بات ہے۔‘ اور پھر اُن کی اگلی بات نے نہ صرف میزبان بلکہ شو کے شرکا کو بھی چونکا دیا۔
نوشین شاہ نے کہا کہ ’زندگی میں ایک خاتون سے ملنا چاہوں گی اللہ کرے کہ کبھی ملاقات ہو جائے، کنگنا رناوت سے اور اسے تھپڑ ماروں گی۔‘
اگرچہ آخری جملے کو سنسر کر دیا گیا لیکن اُن کے ہاتھ کے اشارے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ تھپڑ لگانے کی بات کر رہی تھیں۔
اپنی اس خواہش کی وجہ بتاتے ہوئے نوشین شاہ نے کہا کہ ’جس طرح وہ میرے ملک کے بارے میں بری باتیں کرتی ہیں، جس طرح وہ پاکستانی فوج کے بارے میں بہت کچھ بُرا بھلا کہتی ہیں جرات کو سلام ہے بھئی ان کی۔‘
پھر کہا کہ ’معلومات زیرو ہیں ملک کے بارے میں وہ بھی دوسروں کے۔ تم اپنے ملک پہ اپنی اداکاری پر دھیان دو بھئی۔ اپنی ہدایتکاری پر توجہ دو۔ اپنی کانٹرورسیز (تنازعات) پر دھیان دو اپنے ایکس بوائے فرینڈز اور اس طرح بہت کچھ اور بھی ہے۔‘
نوشین شاہ کہتی ہیں کہ ’میں اس لڑکی سے واقعی ملنا چاہوں گی اور ان کے ساتھ بیٹھنا چاہوں گی اور یہ پوچھنا چاہوں گی کہ آپ کو کیسے معلوم کہ پاکستان میں لوگوں کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے۔ آپ کو کیسے پاکستانی فوج اور ایجنسیز کا معلوم ہے۔ ہمیں خود نہیں پتہ۔‘
ان کے بقول ’ہمارے ملک کی ایجنسیز ہیں ہمارے ملک کی فوج ہے۔ وہ ہم سے باتیں نہیں شیئر کرتے خفیہ چیزیں ہوتی ہیں نا۔ تو آپ کون ہوتی ہیں۔آپ اپنے کام سے کام رکھیں۔‘
کنگنا رناوت پر تنقید کے بعد انہوں نے ان کی اداکاری کو بھی کچھ اس طرح سراہا۔ ’شاندار اداکارہ خوبصورت ترین خاتون ہیں یہ۔ لیکن معذرت کے ساتھ جب دوسرے لوگوں اور دوسرے ملکوں کی عزت کی بات آتی ہے بہت بُری ہیں۔ وہ شدّت پسند ہیں۔‘

شیئر: