سفر کے دوران جہاز میں پُرسکون نیند کے لیے کیا کریں؟
سفر کے دوران جہاز میں پُرسکون نیند کے لیے کیا کریں؟
منگل 19 ستمبر 2023 8:07
فلائٹ سے قبل ایسے مشروب پینے سے اجتناب برتنا چاہیے جن میں کافین پائی جاتی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سیر وسیاحت کے شوقین افراد کے لیے سفر بھی تفریح کا ایک ذریعہ ہوتی ہے لیکن اس دوران تھکاوٹ اور نیند پوری نہ ہونا ایک اہم مسئلہ ہوتا ہے۔
تھکان اور نیند کی کمی کے باعث جسم ہی نہیں بلکہ دماغ بھی متاثر ہوتا ہے ایسے میں انسان کو آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔
فضائی سفر کرنے والے جب امیگریشن اور دیگر معاملات سے فارغ ہو کر جہاز میں سوار ہوتے ہیں تو یہ وقت ہوتا ہے کہ وہ کچھ دیر کے لیے آرام کرلیں خاص کروہ مسافر جن کی فلائٹ طویل دورانیے کی ہوتی ہے۔
اس حوالے سے ماہرین نے مسافروں کے لیے بعض ایسی تجاویز دی ہیں جن پرعمل کرتے ہوئے وہ اپنے سفر سے بہتر طورپرلطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
عربی میگزین ’سیدتی‘ نے سفری امور کے ماہرین کی تجاویز کو شائع کیا ہے جنہیں قارئین کی دلچسپی اور معلومات کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔
سفر کے لیے جہاز میں بہترنشست کا انتخاب:
اکثر مسافر اپنی سیٹ جہاز کی کھڑکی کے قریب لینا پسند کرتے ہیں جبکہ کچن اورٹوائلٹ کے قریب والی سیٹوں پر بیٹھنے سے بیشتر مسافر اجتناب کرتے ہیں کیونکہ ان سیٹوں کے پاس سے لوگوں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس کی وجہ سے ان کے آرام میں خلل واقع ہوتا ہے اور وہ یکسوئی سے نیند نہیں کرپاتے۔
فلائٹ کے بہتر وقت کا انتخاب:
اگرآپ کسی ایسے مقام پر جانے کے خواہش مند ہیں جہاں جانے کے لیے طویل فلائٹ درکار ہوتی ہے تو اس کے لیے بعض نکات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
سب سے پہلے آپ یہ نوٹ کریں کہ جس فلائٹ کا آپ انتخاب کر رہے ہیں اس کی روانگی کے اوقات کیا ہیں۔
تاکہ آپ کی نیند کا وقت خراب نہ ہو کیونکہ بعض افراد کی عادت ہوتی ہے کہ وہ مقررہ وقت پرسوتے ہیں۔ اگران کی نیند کا وقت گزر جائے تو بعد میں انہیں نیند نہیں آتی جس کی وجہ سے وہ کسی حد تک پریشانی میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔
مثال کے طور پر اگر آپ یورپ سے امریکہ کا سفر کررہے ہیں تو اس کے لیے آپ کو چاہیے کہ آپ فلائٹ کے اوقات کا انتخاب کریں جو شام کے 7 سے رات کے 11 بجے کے درمیان جاتی ہو تاکہ اس دوران آپ مناسب نیند لے سکیں۔
براہ راست پروازیں:
اگر آپ براہ راست پرواز پر سفر کررہے ہیں جس کا دورانیہ 8 گھنٹے پرمحیط ہے تو ایسے میں آپ کو مناسب حد تک نیند لینے کا وقت مل سکتا ہے۔ اس کے برعکس اگر آپ کنیکٹنگ پرواز پرسفر کررہے ہیں تو کافی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ دوسری پرواز حاصل کرنے کے لیے آپ کی نیند کا وقت نکل سکتا ہے جس سے آپ کی طبیعت بوجھل بھی ہوسکتی ہے۔
کافی کے مشروب سے اجتناب:
فلائٹ سے قبل ایسے مشروب پینے سے اجتناب برتیں جن میں کافین پائی جاتی ہے۔ اگرمناسب ہو تو سفر سے قبل اپنے معالج سے ایسے فوڈ سپلیمنٹ حاصل کرسکتے ہیں جو نیند میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
کیا چیزیں سفر میں ساتھ رکھیں؟
اگرچہ گردن کا تکیہ یا کانوں پرلگانے والے بلاکس اورآنکھوں کا کور آپ کے بیگ میں معمولی سا جگہ گھیرتے ہیں تاہم ان کے ذریعے آپ پرسکون اور آرام دہ نیند حاصل کرنے میں کافی حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔
گردن کا تکیہ آپ کی نیند کو کافی آرام دہ بناتا ہے جبکہ آنکھوں کو اضافی روشنی سے محفوظ رکھنے کےلیے کور بھی کافی معاون ہوتے ہیں۔
آرام دہ لباس:
سفر کے دوران آرام دہ لباس کافی اہم ہوتا ہے۔ عام طورپر جہاز کا ایئرکنڈیشنگ سسٹم کافی تیز ہوتا ہے جس سے درجہ حرارت کافی کم ہوجاتا ہے جو نیند میں خلل پیدا کرنے کا باعث ہوسکتا ہے۔
اس لیے آپ فلائٹ اٹینڈنٹ سے کہہ کراپنے لیے چادر یا چھوٹا کمبل بھی حاصل کرسکتے ہیں تاکہ پرسکون انداز میں سوسکیں۔