کیا اب جہاز میں ٹکٹ کے ساتھ کپڑے بھی بُک کیے جا سکتے ہیں؟
ہفتہ 16 ستمبر 2023 7:03
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
جاپان ایئرلائنز کی یہ سروس اگست 2024 تک جاری رہے گی۔ (فائل فوٹو: آئی سٹاک)
کیا آپ بھی چھٹیوں پر جانے سے قبل پریشان رہتے ہیں کہ سوٹ کیس میں کون سے کپڑے رکھے جائیں؟ اگر آپ جاپان ایئرلائنز میں سفر کر رہے ہیں تو آپ کا یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق جاپان کی قومی ایئرلائن مسافروں کو ٹکٹ کے ساتھ ساتھ کپڑے بُک کرنے کا آپشن بھی دے رہی ہے۔
اگر آپ جاپان ایئرلائنز سے چھٹیوں کے دوران اپنے کپڑے بُک کرواتے ہیں تو ہوٹل پہنچتے ہی آپ کے کپڑے آپ کے کمرے میں ڈیلیور کر دیے جائیں گے۔
جاپان ایئرلائنز نے یہ سروس ایک سال کے لیے شروع کی ہے اور یہ سروس اگست 2024 تک جاری رہے گی۔
مسافروں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد ان کے استعمال شدہ کپڑوں کو واپس دھویا جائے گا اور پھر وہ کپڑے دیگر مسافروں کے لیے دستیاب ہوں گے۔
اس آئیڈیا کی خالق میہو موریا کا کہنا ہے کہ ’مجھے سفر میں رہنے سے محبت ہے اور میں کئی ممالک جا چکی ہوں لیکن میں ہمیشہ سامان ساتھ لے جانے سے کتراتی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دورانِ سفر تین چیزیں انتہائی اہم ہوتی ہیں، رہنے کی جگہ، کھانا اور کپڑے۔ جب ہم کسی دوسرے ملک جاتے ہیں تو وہاں ہوٹل ہوتے ہیں جو آپ کے رہنے اور کھانے کا مسئلہ حل کر دیتے ہیں لیکن کپڑوں کا مسئلہ وہیں رہتا ہے۔‘