سعودی چیف آف دی جنرل سٹاف کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
ملاقات میں دونوں ممالک کی بحریہ کے درمیان مشق نسیم البحر-14 کے کامیاب انعقاد کو سراہا گیا (فوٹو: پاکستانی بحریہ)
سعودی مسلح افواج کے چیف آف دی جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
پاکستانی بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بدھ کو ہونے والی اس ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے فروغ کے لیے پاکستانی بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔
دونوں شخصیات نے پاکستانی بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان الجبیل میں منعقد ہونے والی مشق نسیم البحر-14 کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید بڑھانے کا عزم کیا۔
وائس ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ ’سعودی مسلح افواج کے چیف آف دی جنرل سٹاف کا دورہ نیول ہیڈکوارٹرز دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔‘