سعودی محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان مروان الحازمی نے کہا ہے کہ ’الشرقیہ ریجن میں البطحا چیک پوسٹ کے راستے 80 لاکھ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے‘۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ’ مشرقی ریجن کی البطحا چیک پوسٹ کے راستے پلاسٹک شیٹس کی کھیپ میں 79 لاکھ 20 ہزار نشہ آور گولیاں مہارت سے چھپا کر سمگل کی جارہی تھیں‘۔
سعودی محکمہ انسداد منشیات نے متحدہ عرب امارات کے محکمہ انسداد منشیات کے تعاون اور سعودی زکوۃ و ٹیکس و کسٹم اتھارٹی کے ساتھ مل کر سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی۔
نشہ آور گولیاں ریاض میں وصول کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان میں دو شامی شہری اور چار سعودی شہری شامل ہیں۔
ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔