Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انجری کے بعد فاسٹ بولر حارث رؤف فِٹ ہوگئے، بولنگ پریکٹس شروع

حارث رؤف فِٹ ہونے کے بعد اب ورلڈ کپ کے لیے بھی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداحوں کے لیے ورلڈ کپ سے پہلے اچھی خبر سامنے آئی ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف انجری کے بعد فِٹ ہوگئے ہیں جس کے بعد انہوں نے ورلڈ کپ سے قبل بولنگ پریکٹس بھی شروع کر دی ہے۔
حارث رؤف نے اپنے فِٹ ہونے کا اعلان جمعرات کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سٹوری میں کیا۔
فاسٹ بولر کی انسٹاگرام سٹوری میں انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں بولنگ پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
حارث نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ ’واپسی ہوگئی ہے۔ الحمدللہ۔‘
واضح رہے رواں ماہ پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں حارث رؤف کو انڈیا کے خلاف میچ میں پسلیوں کا درد ہوا تھا جس کے بعد انہیں ایونٹ میں سری لنکا کے خلاف میچ سے آرام دے دیا گیا تھا۔
فاسٹ بولر فِٹ ہونے کے بعد اب ورلڈ کپ کے لیے بھی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب گرین شرٹس کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی انجری کے باعث ورلڈ کپ میں شرکت معمہ بن گئی ہے۔
نسیم شاہ بھی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں انڈیا کے خلاف میچ میں کندھے کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد اُن کے ورلڈ کپ سمیت دسمبر جنوری میں دورہ آسٹریلیا سے باہر ہونے کی خبریں گردش کرنے لگ پڑی تھیں۔
یاد رہے ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ میں نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ بولر زمان خان کو کھلایا گیا تھا۔ 

شیئر: