Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فضائیہ کے سربراہ سے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات

سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے پاکستانی فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی۔ (فوٹو: پی اے ایف)
سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا  وفد جمعرات کو ایئر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں سربراہ پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
 پاکستان ایئرفورس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور سمیت دفاعی تعاون اور بین الاقوامی تزویراتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل فیاض بن حمید الرویلی کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف نے کہا کہ مسلم دنیا کا مرکز اور ایک بہترین تزویراتی شراکت دار ہونے کی حیثیت سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو دونوں ممالک کے مابین بےمثال دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہیں۔

جنرل فیاض بن حمید الرویلی کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ (فوٹو: پی اے ایف)

انہوں نے دونوں افواج  کے مابین تعاون اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔
سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے موجودہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ تربیتی شعبے، نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شیئر: