انڈیا کے ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے کی ’مصدقہ معلومات‘ موجود ہیں: کینیڈا
جمعرات 21 ستمبر 2023 20:33
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ہردیپ سنگھ خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ رہے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ان کے پاس انڈیا کے سِکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے کی ’مصدقہ معلومات‘ موجود ہیں۔
جمعرات کو نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس یہ سمجھنے کی مصدقہ وجوہات موجود ہیں کہ انڈین حکومت کے ایجنٹس کینیڈین سرزمین پر کینیڈین شہری کے قتل میں ملوث ہیں۔‘
خیال رہے پیر کو کینیڈین پارلیمنٹ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے انکشاف کیا تھا کہ انڈیا خالصتان کے حامی سِکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہے۔
جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ انہوں نے انڈیا کے حوالے سے بیان انتہائی سنجیدگی سے دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’قانون کی حکمرانی کے لیے کھڑا ہونا، یہ اُجاگر کرنا کہ کسی بھی ملک کا کسی دوسری سرزمین پر کسی شہری کو قتل کرنا چاہے کسی کے لیے کتنا ہی ناقابلِ قبول ہو ہم جاری رکھیں گے۔‘
میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے انڈیا سے اپیل کی کہ وہ انصاف کو یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم انڈیا سے کہنا چاہیں گے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ہم کنیڈین شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنا کام جاری رکھوں گا۔‘
واضح رہے انڈیا میں سکھوں کی خالصتان تحریک کی حامی شاخ سے منسلک رہنے والے عہدیدار ہردیپ سنگھ نجار کو رواں سال 18 جون میں برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ گوردوارے کے اندر موجود تھے۔
ہردیپ سنگھ خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ رہے تھے۔
ہردیپ سنگھ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کو کم از کم چار کیسز میں مطلوب تھے ان پر شدت پسندی اور ہندو پنڈت کے قتل کے لیے سازش کرنے کے علاوہ علیحدگی پسند سکھس فار جسٹس (ایس ایف جے) تحریک چلانے اور دہشت گردی کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے الزامات تھے۔