سعودی عرب روہنگیا پناہ گزینوں کی مدد جاری رکھے گا: ڈاکٹر الربیعہ
اجلاس میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے بھی شرکت کی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی مرکز کے نگران ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب نے بنگلہ دیش اوردیگر ممالک میں روہنگیا پناہ گزینوں کی صحت ، تعلیم اوردیگر ضروریات کے حوالے سے 43 منصوبوں میں بھر پورتعاون کیا‘۔
خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹرالربیعہ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک میں منعقدہ 78 ویں اجلاس میں شرکت کی جس میں روہنگیا اقلیتی بحران کے حوالے سے اجلاس بھی ہوا۔
اجلاس میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر الربیعہ نے اس بات پرزوردیا کہ ’مملکت نے ہمیشہ روہنگیا اقلیت کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کے حوالے سے عالمی برادری کا ساتھ دیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’ تنازعہ کے آغاز سے مملکت نے 2 لاکھ 60 ہزار پناہ گزینوں کی صحت عامہ و دیگر حوالے سے دیکھ بھال کی ہے۔ پناہ گزینوں کے بچوں کی تعلیم کی مد میں 2.25 ارب امریکی ڈالر مہیا کیے‘۔
علاوہ ازیں مملکت نے گزشتہ برسوں میں بنگلہ دیش اوردیگر ممالک میں روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے 43 منصوبوں میں 186 ملین ڈالر کی امداد کی جو ان پناہ گزینوں کی صحت، تعلیم اوردیگر ہنگامی امداد سے متعلق تھے۔
انہوں نے مزید کہا’43 منصوبوں میں سے شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے 25 منصوبوں پرعمل کیا گیا جس کے لیے 25 ملین ڈالر خرچ کیے گئے۔ مرکز کی جانب سے مزید منصوبوں پربھی عمل کیاجارہا ہے‘۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ’مملکت عالمی برادری کے ساتھ مل کرروہنگیا کی امداد جاری رکھے گا تاکہ وہ اپنے وطن میں سکون آرام اوراحترام کے ساتھ زندگی گزاریں‘۔
علاوہ ازیں بنگلہ دیش میں موجود پناہ گزنیوں کی امداد کا پروگرام بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں موجود پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔