Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تمہارے تو دانت ٹوٹے ہوئے ہیں، ڈینٹسٹ کیسے بنو گی‘  سعودی بچی تضحیک پر رو پڑی

روتی ہوئی سعودی بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب میں ایک خاتون ٹیچر کے تضحیک آمیز رویے پر روتی ہوئی سعودی بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی بچی ویڈیو کلپ میں روتے ہوئے کہہ رہی ہے’میری ٹیچر نے کلاس میں  پوچھا تھا کہ وہ بڑے ہوکر کیا بننا چاہتی ہیں۔ اس پر میں نے کہا  ڈینٹسٹ بننا چاہتی ہوں۔‘ 
بچی نے بتایا جیسے ہی میں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تو ٹیچر نے مضحکہ خیز انداز میں کہا  ’تمہارے تو دانت ٹوٹے ہوئے ہیں تم کیسے ڈینٹسٹ بنو گی۔‘
’ٹیچر کی جانب سے حوصلہ شکنی پر میں اپنے اوپر قابو نہ رکھ سکی اور کلاس روم میں ہی رونے لگی۔‘
سعودی فن کار فایز المالکی نے وڈیو کلپ پر ٹویٹ میں صارفین سے درخواست کی کوئی سامنے آئے اور اس بچی کے دانتوں کا علاج اپنے خرچ  پر کرائے۔ 
فایز المالکی کے ٹویٹ پر متعدد ڈینٹسٹ میدان میں آئے۔ نفسیاتی مشاورت کے مراکز کے ذمہ داران بھی بچی کے حق میں کھڑے ہو گئے اور کہا کہ وہ سب متاثرہ بچی کا مفت علاج کریں گے۔ 
کئی صارفین نے خاتون ٹیچر کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’سکولوں میں ماہرین نفسیات کو تعینات کر کے متاثرہ بچوں کی مدد کی جائے اور اساتذہ کو بھی طلبہ کی تضحیک سے روکا جائے۔‘

شیئر: