Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ یمن میں جاری امن کوششوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ‘

اقوام متحدہ کے ایلچی اور امریکی سفارتخانے نے حملے کی مذمت کی ہے ( فوٹو: بی این اے)
یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈ برگ نے یمن کے ساتھ سعودی عرب کی سرحد کے قریب ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے جس میں  دو بحرینی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔ 
اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے بحرین سے افسوس اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔ 
ہانس گرنڈ برگ نے گزشتہ مہینوں کے دوران  یمن سے ملنے والی سرحدوں سمیت متعدد محاذوں پر جاری عسکری تناو پر تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں شہری شامل ہیں۔ 
انہوں نے انتباہ کیا جارحانہ فوجی کارروائیوں سے یمن میں جاری امن کوششوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
’لڑائی میں مسلسل اضافہ یمن کی صورتحال کی نزاکت کو ظاہر کرتا ہے‘۔
انہوں نے یمن میں پائیدار جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کےلیے جامع سیاسی عمل کی بحالی کےلیے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں سعودی عرب میں امریکی سفارتخانے نے بھی سعودی یمنی سرحدوں پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
 امریکی سفارتخانے نے منگل کو ایکس ( سابقہ ٹوئٹر) پر بیان میں کہا کہ’ اس طرح کے حملے ناقابل قبول ہیں اور یہ یمن میں جنگ کی شروعات کے بعد ملک میں امنن کے طویل ترین دورانیے کے لیے خطرہ ہیں‘۔ 

شیئر: