Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت آئی ٹی کی مدد سے حج آپریشن ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا فیصلہ

انیق احمد نے کہا کہ حج آپریشن سےمتعلق موجودہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنےکی ضرورت ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
وزارت مذہبی امور نے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونکیشن کے تعاون سے حج آپریشن مکمل ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بدھ کو نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کی صدارت میں وزیراعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں شریک چیئرمین نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد  نے بھی شرکت کی جس میں حج آپریشن سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انیق احمد نے کہا کہ حج آپریشن سےمتعلق موجودہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنےکی ضرورت ہے۔
’چاہتے ہیں وزارت آئی ٹی اس ضمن میں معاونت فراہم کرے۔‘
وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے حج آپریشن کے سسٹم کو فوری اپ گریڈ کرنے اور خامیاں دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
ان کے مطابق اس کے لیے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ایکسپرٹ ٹیم وزارت حج میں تعینات کی جائے گی۔
’عازمین حج کی سہولت و آگاہی کے لیے موبائل ایپلی کیشن، ویب پورٹل کی تیاری کی جائے۔ مناسک حج سے متعلق سہولیات اور شکایات کے انداراج کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جائے گا۔‘
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ عازمین اور حجاج کرام حج سہولیات سے متعلق اپنا فیڈ بیک ڈیجیٹل طور پر دے سکیں گے۔
’ڈیجیٹلائزیشن سے حج آپریشن کی خامیوں اور شکایات کو ختم کیا جاسکےگا۔‘

شیئر: