ایشین گیمز ہاکی: جاپان سے شکست کے بعد پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
ایشین گیمز ہاکی: جاپان سے شکست کے بعد پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
پیر 2 اکتوبر 2023 15:41
ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں 12 ٹیمیں شریک ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
چین کے شہر ہانگ زو میں جاری 19 ویں ایشین گیمز میں ہاکی کے ایونٹ میں جاپان نے پاکستان کو ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
پیر کو جاپان نے پاکستان کو گروپ کے آخری میچ میں دو کے مقابلے میں تین گولوں سے ہرایا۔ اس کے ساتھ ہی ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان کا سفر بھی احتتام پذیر ہوا۔
جاپان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی ختم ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے سٹرائیکر ارشد لیاقت نے کھیل کے پانچویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو کہ جاپان کے کھلاڑی کائیٹو ٹاناکا نے کھیل کے چھٹے منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے گول سکور کر کے پاکستان کی برتری کا خاتمہ کیا۔
جاپان کی جانب سے کھیل کے 17 ویں منٹ میں فیلڈ گول کے ذریعے دوسرا اور 28 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے تیسرا گول سکور کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے دوسرا گول ارباز احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعے سکور کیا۔ پاکستان کو تین پینلٹی کارنرز ملے جس میں سے ایک پر گول سکور کیا گیا۔
جاپان کو تین پینلٹی کارنر ملے جن میں سے دو پینلٹی کارنر پر گول سکور کرنے میں کامیاب رہا۔
پاکستان پول اے میں تیسرے نمبر پر رہا۔
میچ سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ کا کہنا تھا کہ آج کا میچ بہت اہمیت کا حامل ہے امید ہے کہ ہر کھلاڑی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ آج جاپان کی ٹیم کو شکست دے کر ایونٹ میں اپنا سفر جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل انڈیا کے ہاتھوں پاکستان کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انڈیا نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دے دی تھی۔
گروپ اے سے جاپان اور انڈیا کے سیمی فائنل لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں 12 ٹیمیں شریک ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمیں گروپ اے میں جبکہ کوریا، ملائشیا، چین، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں گروپ بی میں شامل ہیں۔