Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی صدر کا رجب طیب اردوغان سے ٹیلیفونک رابطہ 

انقرہ میں دہشت گرد حملے کے بعد ترکیہ  کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان  نے پیر کو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
 امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق اماراتی صدر نے انقرہ میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ترکیہ  کے ساتھ یکجہتی اور زخمیوں کی فوری شفا کی خواہش کا اظہار کیا۔
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا ’امارات ہر طرح کے تشدد اور دہشت گردی کو پوری قوت سے مسترد کرتا ہے اور اس کی مذمت کرتا ہے‘۔ 
انہوں نے مزید  کہا کہ ’ہر طرح کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ بین الاقوامی کوششیں ضروری ہیں۔ دہشت گرد اقوام و ممالک کے امن و استحکام کو متزلزل کرنے کے درپے ہیں‘۔ 
اماراتی صدر نے ترکیہ اور اس کے عوام کے لیے نیک خواہشات، پائیدار امن و سلامتی و استحکام کی آرزو ظاہر کی۔ 
 رجب طیب اردوغان نے اماراتی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور اس کے عوام کے حوالے سے آپ کے جذبات قابل قدر ہیں۔
انہوں نے کہا ’ امارات اور ترکیہ  اور دونوں ملکوں کے عوام کے رشتے مستحکم ہیں۔ خواہش ہے کہ امارات میں پائیدار امن و استحکام برقرار رہے‘۔ 

شیئر: