سکول ٹیچر نے سعودی بچی کی تضحیک کیوں کی؟
روتی ہوئی سعودی بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی ( فوٹو: سکرین گریب العربیہ)
سعودی بچی لمار نے کہا ہے کہ’ سکول ٹیچر نے شاید ’حسد‘ کی وجہ سے میری تضحیک کی‘۔
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے لمار نے سکول میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
یاد رہے خاتون ٹیچر کے تضحیک آمیز رویے پر روتی ہوئی سعودی بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
سعودی بچی ویڈیو کلپ میں روتے ہوئے کہتے سنا جا سکتا تھا’میری ٹیچر نے کلاس میں پوچھا تھا کہ وہ بڑے ہوکر کیا بننا چاہتی ہیں۔ اس پر میں نے کہا ڈینٹسٹ بننا چاہتی ہوں۔‘
بچی نے بتایا جیسے ہی اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تو ٹیچر نے مضحکہ خیز انداز میں کہا ’تمہارے تو دانت ٹوٹے ہوئے ہیں تم کیسے ڈینٹسٹ بنو گی۔
’ٹیچر کی جانب سے حوصلہ شکنی پر میں اپنے اوپر قابو نہ رکھ سکی اور کلاس روم میں ہی رونے لگی۔‘
اس سوال پر کہ خاتون ٹیچر نے تضحیک کیوں کی لمار کا کہنا تھا’ پتہ نہیں، ہوسکتا ہے حسد کی وجہ سے ایسا کیا ہو‘۔
لمار نے کہا کہ ’اس سے قبل کبھی اپنے دانتوں کے حوالے سے کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔ کلاس میٹس نے بھی کوئی ایسی بات نہیں کی جو پریشانی کا باعث بنے‘۔
ویڈیو وائرل ہونے کے حوالے سے لمار کا کہنا تھا ’سکول سے واپسی پر میں خالہ کو اپنی کہانی سنا رہی تھی مجھے پتہ نہیں تھا کہ ویڈیو بن رہی ہے جسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا اور وہ لمحوں میں وائرل ہوئی‘۔
لمار نے اظہار ہمدردی کرنے والوں خصوصا ڈاکٹر مراد الرشیدی کا شکریہ ادا کیا جو دانتوں کا علاج کررہے ہیں۔
سعودی ڈینٹسٹ مراد الرشیدی کا کہنا ہے’ سعودی عرب میں ہر دس بچوں میں سے نو بچے دانتوں کے مرض میں مبتلا ہیں۔ بچے دانتوں کی وجہ سے ذہنی تکلیف میں مبتلا ہوتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ بچی کا علاج شروع کردیا گیا ہے، اسے مکمل ہونے میں تین ہفتے لگیں گے۔
’لمار بڑی پیاری بچی ہے اس نے میرا دل جیت لیا ہے۔ وہ سکول کی ذہنی طالبات میں سے ایک ہے‘۔