’فادر فار سیل‘، آٹھ سالہ ناراض بیٹی کا معصومانہ انتقام
جمعرات 5 اکتوبر 2023 7:53
والد نے دروازے پر رکھے اشتہار کی تصویر شیئر کی تو صارفین نے بہت دلچسپی لی (فوٹو: ٹوئٹر، میلن کوہولک)
انڈیا میں آٹھ سالہ بیٹی نے والد سے کسی بات پر ناراضی کے بعد گھر کے دروازے پر ’فادر فار سیل‘ کا اشتہار لگا دیا اور نیچے قیمت بھی لکھ دی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق میلن کوہولک نے ٹوئٹر (ایکس) پر ایک ایسی پوسٹ شیئر کی جس میں بڑے ’معصومانہ انتقام‘ کا تذکرہ ہے۔
انہوں نے اس اشتہار کی تصویر شیئر کی جس میں قیمت کے آگے دو لاکھ لکھا گیا ہے اور مزید معلومات کے لیے گھنٹی بجانے کا کہا گیا ہے۔
والد کی جانب سے ایک مزاحیہ نوٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔
’میرا خیال ہے کہ میری قیمت کافی کم رکھی گئی ہے۔‘
یہ پوسٹ سامنے آتے ہی صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کر گئی اور تھوڑے ہی وقت میں نہ صرف اس کو 28 ہزار ویوز ملے بلکہ دلچسپ تبصرے بھی ہوئے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’میرے خیال میں جتنا آپ سمجھ رہے ہیں اس سے بھی زیادہ قیمتی ہیں ان (بیٹی) کے نزدیک، کیونکہ اس عمر میں دو لاکھ کی رقم بھی بہت زیادہ لگتی ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’زبردست، آپ کی بیٹی کے لیے بہت محبت، خدا کرے کہ وہ ایسے ہی صاف گو رہے۔‘
ایک اور صارف نے ازراہ تفنن اپنے طور پر ناراضی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کچھ جُملے شامل کیے ’اس نے یہ اشتہار لگانے سے قبل مجھ سے تنخواہ کے بارے میں پوچھا، بتانے پر کندھے اچکائے اور یہ رقم لکھی کیونکہ وہ مزید زیرو لگانے پر بور ہونے لگی تھی۔‘
عام طور پر ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں جن میں والد اپنی بیٹیوں کو بڑے دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہیں، ایسی ہی ایک گفتگو مومو ہینڈل سے شیئر کی گئی۔
پوسٹ کے مطابق ’والد نے بتایا کہ انہوں نے میسیج بھیجا کہ بیٹی اور دوست کی بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹس اٹھا لی ہیں۔ اس کے جواب میں بیٹی نے ’او کے‘ بھجوایا اس کے بعد انہوں نے بلڈ رزلٹس کا موازنہ کیا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’رپورٹس میں بھی وہ اے پازیٹیو ہے اور تو بی نیگیٹیو۔‘
اس کا سکرین شاٹ بیٹی نے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے والد سے بہتر کوئی اور آپ کا یوں ریکارڈ نہیں لگا سکتا۔‘