الشرقیہ ریجن میں تشدد کی وڈیو کی تحقیقات، حملہ آور زیر حراست
انفارمیشن کرائمز قانون کی خلاف ورزی پر بھی قانونی کارروائی کی گئی ہے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں الشرقیہ ریجن کی پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں مبینہ طور پر ایک شخص کو زدو کوب کیا جا رہا ہے,
العربیہ نیٹ کے مطابق الشرقیہ پولیس کے ترجمان نے بیان میں کہا ’تحقیقات سے یہ بات ریکارڈ پر آئی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو دو ماہ پرانی ہے تاہم متاثرہ شخص نے تشدد کے حوالے سے شکایت درج نہیں کرائی تھی‘۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے بعد وڈیو میں تشدد کرنے والے کی شناخت کرلی گئی ۔ وہ شخص پہلے سے ایک کیس میں زیر حراست ہے‘۔
کیس کی کارروائی مکمل کرلی گئی۔ ویڈیو بنانے اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے کے بارے میں بھی انفارمیشن کرائمز قانون کی خلاف ورزی کے حوالے سے قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقامی شہری ایک صفائی کارکن کو سڑک پر گرا کر مبینہ طور پر زدوکوب کررہا ہے۔