Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی بہادر باپ ہالی وڈ کی 'نگاہوں' میں سما گیا

آرامکو کے سابق ملازم نے بیمار بیٹے کو بچانے کے لیے امریکہ کا سفر کیا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی شہری محمد آل مخلص الیامی کی اپنے بیٹے فہد کی زندگی بچانے کی متاثر کن سچی کہانی نے ہالی وڈ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق آرامکو کے سابق ملازم کی کہانی اس وقت شروع ہوئی جب انہوں نے پیدائشی طور پر دل اور پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا بیٹے کو بچانے کے لیے سعودی عرب سے امریکہ کا سفر کیا۔

42 سالہ باپ نے اس ہنر کو دریافت کیا جو پہلے نہیں جانتے تھے۔ فوٹو عرب نیوز

الیامی نے بیٹے کو بچانے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی، وہ 2020 سے امریکہ میں مقیم ہیں اور اپنے لخت جگر کی زندگی بچانے کے لیے پھیپھڑوں کے ٹرانسپلانٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔
بیماری کے خلاف اپنے بیٹے کی جدوجہد سے متاثر ہو کر 42 سالہ باپ نے اپنے اندر ایسے ہنر کو دریافت کیا جس کے بارے میں وہ  پہلے نہیں جانتے تھے۔
برازیلی جیو-جتسو مارشل آرٹ کی طرح کا ایک ایسا کھیل ہے جس میں مخالف کو شکست دینے کے لیے توجہ اور تدبیر کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ سب الیامی نے آسانی سے کر لیا۔
ایک دن جب وہ ہسپتال سے گھر واپس آئے الیامی نے جیو۔جِتسو کھیل کی ترتیب لینے کا آغاز کیا اور کچھ ہی مہینوں میں اس کھیل میں مہارت حاصل کر لی۔

برازیلی جیو-جتسو مارشل آرٹ فن الیامی نے آسانی سے سیکھ لیا۔ فوٹو ایکس

الیامی نے پہلا مقابلہ جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد حاصل کیا اور گارلینڈ، ٹیکساس کے کرٹس کل ویل سینٹر میں ورلڈ جیو-جتسو چیمپئن شپ 2021 میں بہترین پرفارمنس دی۔
بعدازاں انہوں نے لاس ویگاس میں منعقدہ 2022 ورلڈ ماسٹر انٹرنیشنل برازیلین جیو-جتسو فیڈریشن چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا جو انہوں نے  اپنے بیٹے فہد کے نام کر دیا۔
لاس ویگاس میں ورلڈ چیمپیئن شپ جیتنے کے بعد الیامی کی اپنے بیٹے کو 'ہار نہ ماننے' کا ایک ویڈیو کلپ امریکہ میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
گذشتہ سال سعودی جیو-جتسو قومی ٹیم نے الیامی کو ابوظہبی ورلڈ پروفیشنل جیو-جتسو چیمپئن شپ میں مملکت کی نمائندگی کے لیے بلایا۔

دستاویزی اور فیچر فلم میں الیامی کی سچی کہانی پیش کی جائے گی۔ فوٹو ایکس

انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر کی طرف سے مبارکباد کے بعد بہت سے امریکیوں نے مختلف پلیٹ فارمز پر انکی کہانی کے بارے میں لکھنا شروع کر دیا ہے۔
ہیوسٹن، ٹیکساس سے بات کرتے ہوئے محمد آل مخلص الیامی نے بتایا ہے کہ ان کی اس شہرت کے بعد ان کی زندگی کی کہانی نے ہالی ووڈ میں فلم پروڈیوسرز کی توجہ حاصل کر لی ہے اور انہیں بہت سی پیشکشیں موصول ہو رہی ہیں۔
الیامی نے بتایا کہ ہالی ووڈ کی ایک کمپنی نے مجھے بتایا ہے کہ آپ کی کہانی طاقتور، متحرک اور متاثر کن ہے اور اس کے بارے میں پوری دنیا کو جاننا چاہیے۔
کمپنی نے بتایا کہ ہمارا منصوبہ دستاویزی اور سکرپٹڈ فیچر فلم کے دو مرحلوں پر مشتمل ہوگا جسے امریکی کمپنی سعودی کمپنی کے ساتھ مل کر پروڈیوس کرے گی۔

محمد الیامی نے گولڈ میڈل حاصل کیا اور  اپنے بیٹے فہد کے نام کر دیا۔ فوٹو ایکس

'فائٹ فار بریتھ' ( لڑو سانس لینے کے لیے) کےعنوان سے بنائی جانے والی دستاویزی فلم میں الیامی کی سچی کہانی پیش کی جائے گی۔
سکرپٹڈ فیچر فلم کا عنوان بھی 'فائٹ فار بریتھ' رہے گا، اس فلم میں مرکزی کردار اداکار رامی ملک کو دیا جا سکتا ہے یا مصری نژاد کینیڈین اداکار مینا مسعود یا مروان کنزاری ایک ڈچ اداکار یا پاکستان نژاد برطانوی اداکار رض احمد یہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ 
الیامی نے مزید بتایا کہ فلم کی ہدایت کاری ٹیرن فوگل کریں گے جو امریکی فلم اور ٹیلی ویژن میں متعدد سکرپٹ اور دستاویزی فلموں کے پروڈیوسر رہے ہیں۔
 

شیئر: