سعودی عرب کی فلسطینیوں کے لیے 20 لاکھ ڈالر کی امداد
اتوار 15 اکتوبر 2023 19:03
اردن میں سعودی سفیر نے اقوام متحدہ کی ایجنسی کے حکام کو چیک حوالے کیا( فوٹو: اخبار24)
اردن میں سعودی سفیر نایف السدیری نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) کو 20 لاکھ ڈالر کا چیک دیا ہے۔ یہ ایجنسی کے لیے سعودی عرب کی جانب سے سالانہ امداد کا حصہ ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اردن میں سعودی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ’ اونروا کی مالی اعانت کامقصد فلسطینی بھائیوں کی انسانی ضروریات پورا کرنا، انہیں میڈیسن اور خوراک کی فراہمی اور امدادی خدمات کا سلسلہ جاری رکھنا ہے‘۔
اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کمشنر جنرل فلپ لازیرنی نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے ’مملکت نے ہمیشہ فلسطینیو ں کے ساتھ یکجہیتی کا اظہار کیا ہے اور وہ انسانی اہداف کی تکمیل کے لیے ماضی کی طرح حال میں بھی اونروا کے ساتھ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ اس وقت ہمیں یکجہتی اور مدد کی ماضی کے کسی بھی وقت کے مقابلے میں زیادہ ضرورت ہے‘۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام کے لیے جو ان دنوں نازک حالات سے گزّر رہے ہیں اونروا کی مدد کے لیے آگے آئیں‘۔
یاد رہے امارات اور کویت نے بھی اونروا امدادی چیک دیے ہیں۔