جدہ میں منشیات فروش گرفتار، عسیر میں سمگلنگ کی کوشش ناکام
’گرفتار شدگان میں سے ایک فلسطینی جبکہ دوسرا مصری ہے‘ (فوٹو: سبق)
جدہ پولیس نے کہا ہے کہ دو منشیات فروش غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان میں سے ایک فلسطینی تارک وطن ہے جبکہ دوسرا مصری ہے جو ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے‘۔
’دونوں افراد کے متعلق خفیہ اطلاعات ملی تھیں جن سے معلوم ہوا کہ وہ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہیں‘۔
’دونوں افراد کی نگرانی کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ منشیات فروشی میں ملوث ہیں‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی‘۔
’ٹیم نے انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور ان کی تلاشی لینے پر چرس ، شبو اور نشہ آور گولیاں ضبط ہوئیں‘۔
دریں اثنا عسیر ریجن سرحدی سیکیورٹی فورس نے 78 کلو نشہ آور پودہ قات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔
سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ’سمگلر پہاڑی سرحدی راستے کے ذریعہ ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے‘۔
سرحدی سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ’سمگلر منشیات چھوڑ کر سرحد عبور کرکے دوسری طرف فرار ہوگئے‘۔