گاڑی کے بریک اچانک فیل ہو جائیں تو کیا کرنا چاہیے؟
گاڑی کے بریک اچانک فیل ہو جائیں تو کیا کرنا چاہیے؟
منگل 17 اکتوبر 2023 6:35
پوری قوت سے ایمرجنسی بریک لگانے سے گاڑی کے پلٹ جانے کا خدشہ ہوتا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بریک کا گاڑی کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ہوتا ہے، تصور کریں اگر آپ کی گاڑی کی بریکس اچانک فیل ہو جائیں تو آپ کیا کریں گے؟
’بریکس ٹوگو‘ نامی ویب سائٹ پر اس حوالے سے اہم معلومات چھاپی ہے جو ہر اس شخص کو پڑھنا چاہیے جو گاڑی چلاتا ہے کیونکہ یہ صورت حال کسی کے ساتھ بھی اور کبھی بھی پیش آسکتی ہے۔
گاڑی چلاتے ہوئے اگر اچانک بریک فیل ہو جائیں تو ان حالات میں پریشان مت ہوں بلکہ اپنے اوسان بحال رکھتے ہوئے سب سے پہلے گاڑی کی انتباہی لائٹس آن کریں۔ اس سے دوسری گاڑیوں والے محتاط ہوجائیں گے اور وہ آپ کی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں گے۔
بریک پیڈ کو بار بار دبائیں
بریک پیڈ کو بار بار دباتے رہیں اس سے وہ گاڑی والے جو آپ کے عقب میں آ رہے ہیں، کو یہ اشارہ ملے گا کہ آپ کی گاڑی کے ساتھ کوئی مسئلہ درپیش ہے کیونکہ بریک پیڈ کو بار بار دبانے سے بریک لائٹس آن آف ہوں گے جس سے پیچھے والی گاڑی کے مالکان خبردار ہو جائیں گے۔
یہ امکان بھی موجود ہے کہ بریک پر بار بار دباؤ بڑھانے سے بریک کسی حد تک کام کرنا شروع کر دیں تو آپ کسی بھی حادثے سے بچ جائیں گے۔
ہینڈ بریک کا استعمال:
ہینڈ بریک کو آہستہ آہستہ کھینچیں۔ آپ کی گاڑی میں اگر ایمرجنسی بریکس بائیں جانب نیچے پیڈ کی صورت میں ہیں تو اس صورت میں بھی اسے آہستہ آہستہ دبائیں۔
پوری قوت سے ایمرجنسی بریک لگانے سے گاڑی کے پلٹ جانے کا خدشہ ہوتا ہے جس سے گاڑی ٹریک سے نکل بھی سکتی ہے۔
گیئر تبدیل کریں
بریک کام نہ کرنے کی صورت میں اگر آپ کی گاڑی مینول ہے تو فوری طور پر اس کی رفتار کم کرنے کے لیے گیئر کو تبدیل کریں۔
آٹومیٹک ٹرانسمیشن گاڑی ہونے کی صورت میں ایکسلیٹر سے پائوں کو ہٹا لیں جس سے گاڑی کی رفتار کم ہونے لگے گی۔
کم خطرے والے مقام کی جانب جائیں
آپ اگر کسی ایسے مقام پر ہوں جہاں سے آپ کسی ایسی جگہ گاڑی کو موڑ سکتے ہوں جہاں لوگوں کی آمد ورفت نہ ہو یا غیرآباد جگہ ہو تو کوشش کریں کہ گاڑی کی رفتار کم ہوتے ہی فوری طور پر گاڑی کو اس مقام کی جانب لے جائیں جو خالی ہو تاکہ گاڑی کو ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جاسکے۔
گاڑی کے انجن کو بند کرنا
گاڑی کے انجن کو فوری طور پر بند کرنے سے آپ کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ بیشتر گاڑیوں کے سٹیئرنگ ہائیڈرالک ہوتے ہیں اور گاڑی بند ہونے کی صورت میں اسٹییرنگ بھی لاک ہو جاتا ہے۔
ایسی صورت میں آپ گاڑی پر اپنا کنٹرول کھو دیں گے اس لیے جب تک گاڑی مکمل طور پر رک نہ جائے، گاڑی کا انجن بند کرنے سے گریز کریں۔