Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان اور ترکیہ کے ہم منصب سے ملاقات

مسئلہ فلسطین کی حمایت سے متعلق سعودی عرب کا موقف غیر متزلزل ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ میں پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی اور ترک ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔ 
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے غزہ اور گرد ونواح کے سنگین حالات اور فوجی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
گزشتہ دنوں بڑھتے ہوئے حملوں سے نہتے شہریوں کے تحفظ کے طریقوں اور جنگ بندی کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے کہا ’مسئلہ فلسطین کی حمایت سے متعلق سعودی عرب کا موقف غیر متزلزل ہے‘۔
’سعودی عرب فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے  والے مبنی بر انصاف جامع امن کے قیام کی خاطر کی جانے والی کوششوں کے ساتھ تھا، ہے اوررہے گا‘۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترکیہ وزیر خارجہ کی ملاقات میں غزہ اور گردو نواح کے غیرمعمولی حالات اور غزہ پر جارحانہ حملے بند کرانے کی کوشش کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
انہوں نے کہا ’ سعودی عرب  کسی بھی حالت میں نہتے شہریوں پر حملے کو مسترد کرتا ہے اور تمام فریقوں سے بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام کی پابندی چاہتا ہے‘۔ 
فیصل بن فرحان نے بتایا کہ ’سعودی عرب جاری جارحیت بند کرانے کے لیے تمام بین الاقوامی و علاقائی فریقوں کے ساتھ  رابطہ مہم چلائے ہوئے ہے‘۔ 
ان کا کہنا تھا کہ’ غزہ پٹی کے انسانی حالات انتہائی تشویشناک ہیں۔ وہاں شہریوں کی زندگی ابتر ہے‘۔
 سعودی وزیر خارجہ نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ سے ملاقات میں نہتے شہریوں کو عسکری کارروائیوں سے تحفظ فراہم کرنے کے طریقوں کے حوالے سے جاری بین  الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’سعودی عرب جاری جارحیت بند کرانے کے لیے تمام بین الاقوامی و علاقائی فریقوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے‘۔ 
 ملاقاتوں کے موقع پر نائب وزیر خارجہ ولید الخریجی اور سیکریٹری خارجہ برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود الساطی اور او آئی سی میں تعینات سعودی مندوب ڈاکٹر صالح السحیبانی موجود تھے۔ 

شیئر: