Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کی آمد پر دو طیارے لاہور پر پھول برسائیں گے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو ملک واپس آ رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاکستان واپسی پر لاہور شہر میں دو طیارے آسمان سے پھول برسائیں گے۔
تقریباً چار سال سے لندن میں مقیم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو ملک واپس آ رہے ہیں اور ان کے استقبال کے لیے ان کی جماعت نے ایک فضائی کمپنی سے رابطہ کر کے شہر بھر میں بھول کی پتیاں برسانے کے لیے دو ’سیسنا‘ طیاروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔
سول ایویشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نواز شریف کی آمد کے موقع پر نجی کمپنی کو شہر میں پھول برسانے کی اجازت دے دی ہے۔
سی اے اے کی جانب سے جاری اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ ’سیسنا‘ جہاز 21 اکتوبر کو دن تین بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک شہر میں گُل پاشی کریں گے۔
مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم کی وطن واپسی پر لاہور کے مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں ایک بڑے جلسے کا پروگرام ترتیب دے رکھا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم کی وطن واپسی پر حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے اُن کو 24 اکتوبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
بدھ کو نواز شریف کی قانونی ٹیم کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواستوں میں ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں گرفتاری سے روکنے کے لیے حفاظتی ضمانت دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

شیئر: