Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوجی آئے تو اصلی گھی اور گیہوں کی روٹی سے ضیافت کی، سعودی خاتون

جازان ریجن کی 93 سالہ سعودی خاتون جو تاریخی واقعات نہیں بھولیں( فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب کے جازان ریجن کی 93 سالہ سعودی خاتون نورۃ بنت جابر کو جزیرہ نمائےعرب میں چھوٹی ریاستوں کو متحدہ ریاست میں شامل کرنے کے لیے ہونے والی جنگیں یاد ہیں۔ 
اخبار 24 کے مطابق نورۃ بنت جابر جازان میں ہونے والی جنگ کی تفصیلات اس انداز سے بیان کرتی ہیں کہ گویا سب کچھ وہ دیوار پر لکھا پڑھ رہی ہوں۔ 
نورۃ بنت جاابر کا کہنا ہے کہ ’وہ اس لمحے کو کبھی فراموش نہیں کرسکتیں جب سعودی فوج اور دیگر دستے ہمارے قریے میں پہنچے تھے۔‘
’قریے کے باشندوں نے اصلی گھی اور گیہوں کی روٹی سے ضیافت کی تھی۔ روایت کے مطابق اس زمانے میں اہم مہمانوں کو یہ چیزیں پیش کی جاتی تھیں۔‘ 
سعودی خاتون نے بتایا ’ان کی پسندیدہ خوراک بکری اور گائے کا دودھ ہے۔ زندگی کی سختیاں جھیلنے میں بکری اورگائے کے دودھ کا استعمال معاون ثابت ہوتا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’ہمارے دور میں غذائی قلت تھی مگر جو غذا ہمیں میسر تھی وہ صحت کے لیے مفید تھی۔‘
نورۃ بنت جابر نے بتایا کہ انہوں نے دو بچوں کی پرورش اپنے ذمے لی تھی اور ان کے شوہر اپنی زندگی کی آخری سانس تک ان کی مدد کرتے رہے۔
’شوہر کی وفات کے بعد بچوں کی پرورش کے لیے چرواہے کا کام بھی کیا۔ چولہے جلانے کے لیے لکڑیاں جمع کیں۔ بچوں کو سکول پہنچانا میرا کام رہا۔ 36 برس تک بچوں کی ہر طرح سے نگہداشت کی۔ سماجی کفالت کی رقم سے ان کے لیے زمین خریدی۔‘
ان کا کہنا ہے کہ وہ سعودی عرب کے قومی تہوار اپنے انداز سے مناتی ہیں، حب الوطنی ان میں بسی ہوئی ہے زندگی کے چیلنجز سے نمٹنا اور محبت سے پیش آنا ان کی پہچان ہے۔

شیئر: