Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرح شہزادی کے بچوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست خارج

عمران خان کی حکومت ختم ہونے سے لے کر اب تک فرح شہزادی کا نام پاکستانی میڈیا پر تواتر سے چل رہا ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
لاہور ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی قریبی دوست فرح شہزادی کے دو بچوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست خارج کر دی ہے۔
انہوں نے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی کہ ان کے دوبچے سیر کے لیے ترکی جا رہے تھے جب لاہور ائیرپورٹ پر انہیں ایف آئی اے نے ملک چھوڑنے سے روک دیا تھا کہ ان کے نام ای سی ایل میں ہیں۔
عدالت نے اس حوالے سے وزارت داخلہ سے جواب طلب کیا تو اپنے تحریری جواب میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے محکمہ اینٹی کرپشن کی سفارش پر بچوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں کیونکہ فرح شہزادی اپنے بچوں کے نام پر قیمتی جائیداد خرید رکھی ہے اور اس جائیداد کے حوالے سے کرپشن کے الزمات کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔
حکومت کی جانب سے فرح شہزادی کے اکاؤنٹنٹ احمد منصور کا ایک بیان حلفی بھی عدالت میں جمع کروایا گیا ہے جس میں انہوں نے کچھ اسی طرح کے الزامات عائد کیے ہیں۔ دوسری طرف فرح شہزادی کے وکیل اظہرصدیق نے عدالت کو بتایا کہ ’فرح کے بچوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بیٹا ویسے ہی آٹزم کا شکار ہے جبکہ بیٹی جس کی عمر 18 سال سے کم ہے وہ پڑھنے کے لیے ملک سے باہر جانا چاہتی تھی لیکن نہیں جانے دیا جا رہا۔‘
فرح شہزادی کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ احمد منصور سے زبردستی ان کے خلاف بیان لیا گیا ہے۔ ان کے وکیل اظہر صدیق کا کہنا ہے کہ ’بچوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی جائیداد سرے سے ہے ہی نہیں۔ اور ان کو ملک سے باہر جانے روکنا صریحا آئین اور قانونی کی خلاف ورزی ہے۔‘
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ختم ہونے سے لے کر اب تک فرح شہزادی کا نام پاکستانی میڈیا پر تواتر سے چل رہا ہے۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف سرکاری افسران کے تبادلے کرنے کے لیے پیسہ بٹورا بلکہ ان کے شوہر احسن جمیل گجر نے اپنی ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کے لئے کرپشن کا سہارا لیا۔
اس وقت محکمہ اینٹی کرپشن، نیب اور ایف آئی اے میں فرح گوگی کے خلاف بیک وقت تحقیقات ہو رہی ہیں۔ وہ اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر ملک سے باہر ہیں۔ تاہم انہوں نے ہمیشہ ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔
سابق وزیر عمران خان کے توشہ خانہ سے لی ہوئی گھڑیوں کے بیچنے کے حوالے سے بھی فرح شہزادی پر الزام ہیں کہ ان گھڑیوں کو بیچنے میں انہوں نے کردار ادا کیا۔ تاہم وہ ان الزامات کو بھی رد کرتی رہی ہیں۔
ان کے دونوں بچے لاہور میں ہیں۔ بدھ کے روز لاہور ہائی کورٹ نے کئی مہینوں کی طویل سماعتوں کے بعد فرح گوگی کی جانب سے دائر کی گئی اس درخواست کو خارج کر دیا ہے جس میں انہوں نے اپنے دونوں بچوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی استدعا کی تھی۔
 

شیئر: