گلین میکس ویل نے ورلڈ کپ میں تیز ترین سینچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا
بدھ 25 اکتوبر 2023 18:03
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
گلین میکس ویل نے اپنی اننگز میں 9 چوکے اور 8 چھکے لگائے۔ (فوٹو: آئی سی سی ویب سائٹ)
نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے دوران آسٹریلیا کے آلراؤنڈر گلین میکس ویل نے ورلڈ کپ میں تیز ترین سینچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
بدھ کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 399 رنز بنائے تھے۔
نیدرلینڈز کی ٹیم اس پہاڑ جیسے ہدف تعاقب میں 21 اوورز میں صرف 90 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور آسٹریلیا نے یہ میچ 309 رنز سے جیت لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور گلین میکس ویل نے سینچریاں سکور کیں۔
گلین میکس ویل نے 40 گیندوں پر سینچری مکمل کی اور ورلڈ کپ میں تیز ترین سینچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔
اس سے قبل اسی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم نے 49 گیندوں پر سینچری سکور کی تھی اور آج گلین میکس ویل نے اسی ورلڈ کپ میں ان کا ریکارڈ توڑ دیا۔
گلین میکس ویل نے اپنی اننگز میں 9 چوکے اور 8 چھکے لگائے۔
آسٹریلوی آلراؤنڈر کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دا میچ قرار دیا گیا۔
خیال رہے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سینچری بنانے کا اعزاز جنوبی افریقہ کے سابق بیٹر اے بی ڈی ویلیرز کے پاس ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2015 میں 31 گیندوں پر یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن ون ڈے کی تاریخ میں تیز ترین سینچری بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 2014 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی 36 گیندوں پر سینچری سکور کی تھی۔
اس سے قبل پاکستان کے سابق آلراؤنڈر شاہد آفریدی نے 1996 میں سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر سینچری بنائی تھی اور ون ڈے کی تاریخ میں تیز ترین سینچری بنانے کا ریکارڈ 18 برس ان کے پاس رہا تھا۔