ریاض.... مملکت میں سرمایہ کاری کرنے والی10غیرملکی تعمیراتی کمپنیاں مختلف رکاوٹوں کے باعث منصوبے مکمل کرنے میں ناکام ہوگئیں۔ غیرملکی کمپنیوں کے پاس سعودی شہریوں کو ازراں نرخوں میں مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ تھا مگر مقامی مارکیٹ میں موجود مختلف رکاوٹوں کی وجہ سے وہ اپنے منصوبے مکمل کرنے میں ناکام ہوگئیں۔ ریاض چیمبر آف کامرس میں تعمیراتی کمیٹی کے رکن خالد المبیض نے الوطن اخبار کو بتایا کہ غیرملکی کمپنیاں مملکت میں ازراں نرخوں پر مکانات تعمیرکرکے دینا چاہتی تھیں مگر حکومتی اداروں میں پیش آنے والی رکاوٹوں کی وجہ سے وہ ایسا نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے میں کمپنیوں کو کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ غیرملکی کمپنیوں کو کام کرنے کے لئے سہولتیں فراہم ہونی چاہئیں جو اس وقت میسر نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ غیرملکی کمپنیاں مقامی مارکیٹ سے واپس جارہی ہیں۔