اماراتی فضائیہ کے سربراہ کا دورہ، پاکستانی فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات
اماراتی فضائیہ کے سربراہ کا دورہ، پاکستانی فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات
جمعرات 26 اکتوبر 2023 20:38
پاکستانی اور اماراتی فضائیہ کے سربراہان نے مشترکہ فوجی مشقوں اور باہمی تبادلے کے پروگرامز کو فروغ دینے پر بات کی (فوٹو: پی اے ایف)
متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ میجر جنرل سٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کی قیادت میں ایک اعلٰی سطح کے وفد نے جمعرات کو ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران اماراتی وفد نے پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بین الاقوامی تزویراتی صورت حال، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئی راہیں استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاکستانی فضائیہ کے دستے نے میجر جنرل سٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں پی اے ایف کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف بھی کروایا گیا۔
ترجمان پی اے ایف کے مطابق بعدازاں پاکستانی فضائیہ کے سربراہ نے وفد سے ملاقات کے دوران پی اے ایف کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کے ذریعے سائبر، سپیس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید ٹیکنالوجیز سے متعلق شعبوں میں آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
ایئر چیف مارشل نے فضائیہ کی آپریشنل ساخت، اس کے اہداف اور مستقبل کی عسکری صلاحیتوں کے حصول کے لیے جاری مختلف منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے پاکستانی فضائیہ کی جانب سے منعقد کی گئی بین الاقوامی فضائی مشق انڈس شیلڈ میں متحدہ عرب امارات کے فضائی دستے کی شرکت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بے مثال برادرانہ تعلقات کو اُجاگر کیا۔
ظہیر احمد بابر سدھو نے عسکری تعاون، مشترکہ مشقوں اور تربیتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
متحدہ عرب امارات کی فضائیہ اور ائیر ڈیفنس کے سربراہ نے پاکستانی فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی پیش رفت اور اس کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
دونوں ممالک کی فضائیہ کے سربراہان نے عسکری تربیت اور نئی ٹیکنالوجیز میں آپریشنل صلاحیتوں سے متعلق دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں مشترکہ فوجی مشقوں اور باہمی تبادلے کے پروگرامز کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو کی گئی جن کے ذریعے تجربات کا تبادلہ، باہمی تعاون اور دونوں برادر ممالک کی فضائی افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات کا فروغ ممکن ہوگا۔
ابراہیم ناصر محمد العلاوی نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا جن میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر اور فضائیہ کی سائبر کمانڈ شامل ہیں۔
اماراتی فضائیہ کے سربراہ نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا اور اس منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔