تجارتی مراکز میں نماز کی جگہ فراہم نہ کرنے پر جرمانہ
تجارتی مراکز کو 14 دن کی مہلت دی گئی ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے خبردار کیا ہے کہ تجارتی مراکز میں ’مصلی‘ (نماز کی جگہ) کا انتظام نہ کرنے پر ایک ہزار ریال تک جرمانہ ہو گا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق مکہ میونسپلٹی نے وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کی جانب سے جاری کردہ بلدیاتی خلاف ورزیوں کے جرمانوں کے نئے چارٹ پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔
میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ الزیتونی نے کہا ہے کہ خلاف ورزیوں کے چارٹ میں متعدد امور کی نشاندہی کی گئی ہے۔
الزیتونی نے کہا کہ تجارتی مراکز میں مصلوں، واش رومز اور وضو کی جگہ کے قواعد و ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر ایک ہزار ریال تک کا جرمانہ ہو گا تاہم پہلے تجارتی مرکز کو اصلاح حال کے لیے 14 دن کی مہلت دی جائے گی۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ دگنا کیا جا سکتا ہے۔
الزیتونی کا کہنا تھا کہ حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق واش رومز میں صفائی کا معیار برقرار نہ رکھنا سنگین خلاف ورزی ہے اس پر دو ہزار ریال تک کا جرمانہ ہو گا۔ دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ دگنا ہو سکتا ہے۔
الزیتونی نے بتایا کہ مصلوں کے لیے مقررہ قواعد و ضوابط اور معیار کی پابندی نہ کرنے اور متعین نظام الاوقات کے مطابق اصلاح و مرمت کا اہتمام نہ کرنا خلاف ورزی ہے اس پر پہلے اصلاح حال کے لیے 14 روز کی مہلت دی جائے گی اور مہلت نظر انداز کرنے پر پانچ سو ریال تک کا جرمانہ ہو گا۔