بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ ایڈیشن میں پاکستانی کاسمیٹکس کمپنیاں شرکت کریں گی
جمعہ 27 اکتوبر 2023 9:56
زین علی -اردو نیوز، کراچی
نمائش میں پاکستان کی 36 مصنوعات پیش کی جائیں گی۔ (فوٹو: بیوٹی ورلڈ)
پاکستان میں کاسمیٹکس بنانے والی کمپنیاں متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد ہونے والی 27 ویں بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ ایڈیشن 2023 میں شرکت کریں گی۔
پاکستان کی جانب سے مقامی سطح پر تیار ہونے والی 36 مصنوعات نمائش میں پیش کی جائیں گی۔
میس فرینکفرٹ کی جانب سے 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک منعقد ہونے والے بیوٹی ورلڈ مڈل ایڈیشن میں شرکت کے لیے پاکستانی کمپنیوں نے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے اور ان کے وفود متحدہ عرب امارات پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
نمائش میں 15 ہالز میں 60 ممالک کے ایک ہزار 700 سے زائد نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
اس تقریب میں چین، اٹلی، جاپان، کوریا، ترکی، برطانیہ اور امریکہ سمیت دیگر ممالک کے پویلینز بھی ہوں گے، جن میں خوشبوؤں اور کاسمیٹکس سے لے کر بیوٹی ٹیک اور پرسنل کیئر آئٹمز تک متعدد مصنوعات کی نمائش ہو گی۔
اس حوالے سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹیڈیپ) کا کہنا ہے کہ وہ بھی اس نمائش میں شریک ہو رہی ہے۔
ٹیڈیپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیوٹی پراڈکٹس کے درآمد کنندگان کے ساتھ ساتھ سیلون اور سپا کے مالکان بھی شو میں شرکت کریں گے تاکہ نئی مصنوعات کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں۔
پاکستان کی جانب سے اس نمائش میں فیس فریش، گولڈن پرل کاسمیٹکس، محمد ہاشم سرمہ، بونینزا سترنگی اور دیگر برانڈز شامل ہوں گے۔