Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ پر حملے: تین ہزار 500 بچوں سمیت مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 703

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کہ مرنے والوں میں تین ہزار 500 بچے بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
غزہ میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں مرنے والوں کی تعداد سات ہزار 703 ہوگئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حماس کی زیرنگرانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کہ مرنے والوں میں تین ہزار 500 بچے بھی شامل ہیں۔
2005 میں اسرائیل کی جانب سے غزہ سے رضاکارانہ واپسی کے بعد سے جاری جنگ میں ہونے والی ہلاکتیں اب تک ہونے والی جنگوں میں سب سے زیادہ ہیں۔
جمعے کی شام کو اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر فضائی حملے تیز کر دیے تھے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حملوں میں حماس کے اہداف خصوصاً زیرزمین سرنگوں کو نشانہ بنایا گیا۔
فلسطین کے سول ڈیفنس کا کہنا تھا کہ اندھا دھند فضائی اور آرٹلری کے حملوں میں سینکڑوں عمارتیں تباہ ہوگئی جبکہ ہزار گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب شمالی غزہ میں 150 ’زیر زمین اہداف‘ کو نشانہ بنایا۔
اسرائیل کی فوج کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں دہشت گردی کی سرنگیں، زیرزمین جنگی مقامات اور زیرزمین انفراسٹرکچرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حماس کے متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔‘
غزہ کی پٹی اور جنوبی اسرائیل کے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ گولہ باری اور فضائی حملے آج بھی جاری ہے لیکن رات کے مقابلے میں ان کی شدت کم ہے۔
ایک اور بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ حماس کے فضائی حملوں کے سربراہ عاصم ابو رکابہ کو ایک کارروائی کے دوران مارا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابو رکابہ نے سات اکتوبر کے حملوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

غزہ کی جنگ سے پورے خطے کا ٹائم بم بننے کا خدشہ ہے: صدر سیسی

دوسری جانب مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی جنگ پھیلنے سے پورے خطے کا ٹائم بم بننے کا خطرہ ہے۔

جمعے کو دو ڈرون طیاروں کو مصر کی حدود میں داخل ہونے پر گرایا گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

صدر سیسی نے کہا کہ مصر کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام ہونا چاہیے۔ واضح رہے جمعے کو دو ڈرون طیاروں کو مصر کی حدود میں داخل ہونے پر گرایا گیا تھا۔
مصر کی فوج کا کہنا تھا کہ تابا اور نویبا کے سرحدی علاقوں میں گرنے والے ڈرون بحیرہ احمر سے اڑے تھے۔ تاہم فوج ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ ڈرون کس نے اڑایا تھا۔
’اس سے قطع نظر کہ ڈرون کہاں سے آئے تھے میں خبردار کرتا ہوں کہ تنازع پھیل سکتا ہے۔ اس سے پورا خطہ ٹائم بم بن سکتا ہے جس کا اثر ہم سب پر ہوگا۔‘
’مصر ایک خودمختار ملک ہے اور اس کی خودمختاری اور پوزیشن کا اخترام کیا جانا چاہیے۔ مصر مضبوط ملک ہے۔‘

شیئر: