Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: انسٹاگرام پر فالوؤرز بڑھانے کے شوق نے تین افراد کو جیل پہنچا دیا

حالیہ دنوں میں ایک اور ایسی ہی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں گروگرام کی سڑک پر گاڑیوں کی چھتوں سے آتش بازی کی گئی تھی۔ (فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کے شہر گروگرام میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے جہاں پولیس نے سڑک پر انسٹاگرام ریل بنانے کے چکر میں ریورس گاڑی چلانے والے تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق گرفتار ہونے والے مذکورہ افراد انسٹاگرام پر اپنے فالوؤرز بڑھانا چاہتے تھے جس کے باعث انہوں گروگرام کی مصروف سڑک پر ریورس گئیر میں کار چلا کر کرتب کرنے شروع کر دیے جس کے نتیجے میں ٹریفک جام ہوگیا۔
 
مزید پڑھیں
انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سرخ رنگ کی کار گالف کورس روڈ پر ریورس گئیر میں چلائی جا رہی ہے جبکہ اِس کے ساتھ تین مزید کاریں بھی موجود ہیں جن میں ہریانوی زبان میں گانے چل رہے ہیں۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد کار چلانے والے افراد کے انسٹاگرام فالوؤرز تو نہ بڑھے تاہم انہیں پولیس سٹیشن کا چکر ضرور لگانا پڑ گیا۔ پولیس نے سڑک پر کرتب کرنے کے جرم میں تینوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اُن کی کاریں بھی ضبط کر لی ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ سڑک پر ریورس گئیر میں چلائی جانے والی ’سوئفٹ کار‘ کو موڈیفائی کروایا گیا تھا اور اِس کا رنگ بھی سفید سے سرخ کروایا گیا۔
 
اسسٹنٹ پولیس کمشنر کپل اہلاوٹ کا کہنا ہے کہ ’23 اکتوبر کو ان افراد کو گالف کورس روڈ پر لاپرواہی سے تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ کرتب کرتے ہوئے انسٹاگرام رِیلز بنا رہے تھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نوجوانوں سے التماس کرتا ہوں کہ وہ ایسی ویڈیو نہ بنائیں۔ اس میں نہ صرف آپ کے لیے خطرہ ہے بلکہ آپ باقی لوگوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔‘
گروگرام کی سڑکوں پر گاڑیوں کے کرتب کرنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ شہر کی سڑکوں پر اس سے پہلے بھی ایسے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ حالیہ دنوں میں ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں گروگرام کی سڑک پر گاڑیوں کی چھتوں سے آتش بازی کی گئی تھی۔

شیئر: