دل ہلا دینے والا منظر، غیر ملکی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر کے باوجود معجزانہ طور پر محفوظ رہا
تیز رفتار گاڑی کا ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کی ایک شاہراہ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے محفوظ رہنے والے غیر ملکی کارکن کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق اس دل ہلا دینے والی وڈیو دیکھنے والے حیرت میں ہیں کہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکرسے کارکن کیسے محفوظ رہا۔
وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غیر ملکی کارکن سڑک پر کھڑی ایک خراب گاڑی کو اٹھانے کے لیے وینچ سے جوڑنے کی کوشش کررہا تھا۔ اسی دوران تیز رفتار گاڑی آئی اور اسے ٹکر مار کر آگے نکل گئی۔
گاڑی کی ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کارکن سڑک ہر جا گرا۔
گاڑی کا ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا۔ اس نے حادثے سے متاثرہ شخص کو سڑک پر ہی چھوڑ دیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین ڈرائیوررویے پر برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ ہی حادثے کا سبب بنی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کے اس جرم پر چار برس قید اور دو لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جاتی ہے دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک پر اکتفا بھی کیا جاسکتا ہے۔
جائے حادثہ سے فرار ہونے اور زخمی شخص کی مدد نہ کرنے پر دو ہزار ریال جرمانہ اور تین ماہ قید کی سزا بھی ہے۔