Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’باڈیز‘: پراسرار لاش کے گرد گھومتی کہانی

آئی ایم ڈی بی پر اس ویب سیریز کی ریٹنگ 10 میں سے 7.5 ہے (فوٹو: سکرین گریب)
اگر آپ کو سفر در وقت یعنی ’ٹائم ٹریول‘ کے مضمون میں دلچسپی ہے تو نیٹ فلکس کی اس ماہ ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’باڈیز‘ آپ کو یقیناً پسند آئے گی۔
اس مضمون سے رغبت کے علاوہ آپ کو ’فضول کے لاینحل مسائل‘ یعنی ’پیراڈاکسز‘ کے بارے میں بھی جان کاری ہونا لازمی ہے۔
گھبرانے کی ضرورت نہیں کیوں کہ اگر آپ نہیں جانتے کہ پیراڈاکس کیا ہوتا ہے تو راقم بھرپور کوشش کرے گا کہ آپ سمجھ پائیں۔
یہ ویب سیریز چار ادوار میں 4 مختلف پولیس سراغ رسانوں کی کہانی دکھاتی ہے جو لندن شہر کی ایک گلی ’لانگ ہاروسٹ لین‘ میں اچانک نمودار ہونے والے ایک شخص کی لاش کے بارے میں کھوج لگا رہے ہیں۔
سال 1890 میں ایلفرڈ، سال 1941 میں چارلی، سال 2023 میں شاہارا اور سال 2053 میں آئرس کی کہانی ہے۔
وقت کی ان چار سمتوں (ڈائمینشنز) میں نمودار ہونے والی یہ لاش 2053 میں وجود رکھنے والے ایک ہی شخص گیبریل ڈیفو کی ہے جو فزکس کا استاد ہے اور ٹائم ٹریول کے مفروضے پر تھیوری کی حد تک یقین رکھتا ہے۔

یہ ویب سیریز چار ادوار میں 4 مختلف پولیس سراغ رسانوں کی کہانی دکھاتی ہے (فوٹو: سکرین گریب)

اس یقین کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے وہ تجربہ کرتا ہے اور ایک ٹائم مشین بنانے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
یہاں اب ذکر آتا ہے ایک اور کردار ’ایلائس مینکس‘ کا جو اس مشین پر قبضہ کر کے ماضی میں چلا جاتا ہے اور ایک ایسی تنظیم کی داغ بیل ڈالتا ہے جو مستقبل میں لندن شہر پر حکومت کر سکے۔
ایلائس مینکس کا بچپن محبت سے محرومی اور ماں باپ کی عدم توجہی میں گزرتا ہے لہٰذا وہ ایک خود غرض اور سنکی انسان کے روپ میں سامنے آتا ہے اور یہ فیصلہ کرتا ہے کہ وہ ایک ایسی دنیا بنائے گا جہاں محبت ہو گی۔
اسی وجہ سے اس کی تنظیم کا یک سطری فقرہ ’جان لو! تم سے محبت کی گئی ہے‘ ہوتا ہے۔
اتنی بڑی تبدیلی لانے کے لیے اسے سال 2023 میں لندن شہر کے اندر ایک بم دھماکہ کرنا ہے جس کی تیاری وہ سال 1890 سے کرنا شروع کر دیتا ہے۔
یہ بات یاد رہے کہ سال 2053 اور 1890 ایلائس مینکس کی جوانی کے سال ہیں، سال 1941 اس کا بڑھاپا اور 2023 لڑکپن کا سال ہے۔

یہ ویب سیریز ڈی سی کامکس کے ایک تصویری ناول ’باڈیز‘ پر بنائی گئی ہے(فوٹو: سکرین گریب)

چاروں سراغ رساں تانے بانے ملاتے ہوئے ایلائس مینکس تک ہی پہنچتے ہیں۔ یہ سب کام وقت کی چار سمتوں کے دوران ایک چکر (لوپ) میں چل رہا ہے۔ اب لندن اور ہزاروں جانیں بچانے کے لیے اس وقت کے چکر کو کسی ایک جگہ نقب لگانی ہے جس کے لیے یہ چاروں سراغ رساں اپنا اپنا کردار نبھا رہے ہیں۔
یہ ویب سیریز ڈی سی کامکس کے ایک تصویری ناول ’باڈیز‘ پر بنائی گئی ہے۔ ڈی سی کامکس کے دوسرے مشہور کرداروں میں سپرمین اور بیٹ مین شامل ہیں۔
اس ناول کے مصنف برطانوی ادیب سی سپینسر ہیں۔
نیٹ فلیکس نے کچھ عرصہ قبل دو ویب سیریز ’ڈارک’ اور ’1899‘ پیش کی ہیں جو ٹائم ٹریول سے ہی منسلک ہیں اور ان میں کافی پیراڈاکس تھیوریز استعمال کی گئی ہیں۔
اس ویب سیریز میں جو پیراڈاکس استعمال کیا گیا ہے اسے ’پری ڈیسٹینیشن‘ پیراڈاکس کہا جاتا ہے۔ اس کو مختصراً یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ کوئی شخص ماضی میں جا کر ایسے حالات پیدا کر دے جس سے مستقبل کے واقعات بدل جائیں۔
موجودہ وقت تک یہ سب باتیں صرف فرض کی جا سکتی ہیں لیکن شاید مستقبل میں ایسا ممکن ہو سکے۔
اس ویب سیریز کی سینیماٹوگرافی قابلِ دید ہے۔

اس ویب سیریز میں جو پیراڈاکس استعمال کیا گیا ہے اسے ’پری ڈیسٹینیشن‘ پیراڈاکس کہا جاتا ہے(فوٹو: سکرین گریب)

ہر زمانے کے تأثر کو رنگوں سے واضح کیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر سال 1890 کے سین قدرے اڑے ہوئے پیلے رنگ اور 1941 (دوسری عالمی جنگ کے دوران) کے سین سرمئی پس منظر میں ہیں۔ حال اور مستقبل کو قدرے تازہ رنگوں میں دیکھایا گیا ہے۔
آئی ایم ڈی بی پر اس ویب سیریز کی ریٹنگ 10 میں سے 7.5 ہے جب کہ نیٹ فلیکس پاکستان پر یہ سیریز پسندیدگی میں نمبر 2 پر موجود ہے۔ یہ ایک ہلکا پھلکا وقت گزارنے والا نہیں بلکہ دماغ لگا کر دیکھنے والا ڈرامہ ہے۔
ایلائس مینکس ماضی میں جا کر اپنے پر دادا کا دادا بن چکا ہے اور آپ سے مخاطب ہے کہ یہ ویب سیریز دیکھیں کیوں کہ جان لیں! ’آپ سے محبت کی گئی ہے۔‘

شیئر: