Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں سیاحوں کو آن لائن شاپنگ پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ریفنڈ کی سہولت

سیاح ریفنڈ کے لیے درخواستیں براہ راست رجسٹرڈ ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں
متحدہ عرب امارات میں وفاقی ٹیکس اتھارٹی نے سیاحوں کی ای کامرس شاپنگ پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ریفنڈ نظام متعارف کرایا ہے جو دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا نظام ہے۔ 
امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق یہ نظام وفاقی ٹیکس اتھارٹی نے منظور شدہ آپریٹر پلینٹ کے تعاون سے تیار کیا ہے۔
نیا ای کامرس واٹ ریفنڈ سسٹم فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ پلیٹ فارمز اور ای سٹورز کو امارات میں رہتے ہوئے آن لائن شاپنگ کرنے والے سیاحوں کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس ریفنڈ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔
سیاح امارات میں اپنے قیام کے دوران آن لائن شاپنگ پر ٹیکس ریفنڈ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اتھارٹی کا نیا ٹیکس ریفنڈ سسٹم سیاحوں کے لیے شاپنگ سے لے کر رقم کی واپسی تک کے عمل کو آسان بناتا ہے۔
امارات میں سیاح ریفنڈ کے لیے درخواستیں براہ راست رجسٹرڈ ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔
سیاحوں کو شاپنگ کے وقت شناخت کی تصدیق کے لیے اپنی سفری دستاویز کی تفصیلات اور ذاتی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ ایک مرتبہ شناخت کی تصدیق ہونے پر امارات سے روانگی کے وقت آسانی کے ساتھ ریفنڈ کا عمل مکمل ہو جاتا ہے۔
فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خالد علی البستانی نے کہا کہ ’یہ دنیا کا پہلا نظام ایک معروف بین الاقوامی سیاحتی مقام کے طور پر امارات کی ساکھ کو مزید بڑھائے گا۔‘
’امارات ایک محفوظ ماحول اور مہمان نواز لوگوں کا ملک ہے۔ یہاں کے وسیع سیاحتی وسائل اور مکمل سہولتیں سیاحوں کو منفرد ماحول فراہم کرتی ہیں۔ یہ نیا نظام سیاحوں کے لیے خریداری کو مزید آسان اور خوشگوار بنائے گا۔‘

شیئر: