Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرائیور کی ایمانداری، 80 لاکھ مصری پاؤنڈ واپس کر دیے

خطیر رقم ملنے کے باوجود غریب ڈرائیور کا ایمان متزلزل نہ ہوا (فوٹو: العربیہ)
مصر میں دیانت دار ٹیکسی ڈرائیور نے 80 لاکھ پاؤنڈ اس کے مالک کو واپس کردیے۔ انعام لینے سے یہ کہہ کرانکار کردیا کہ ’اللہ ہمیں ہر جگہ دیکھتا ہے۔‘
العربیہ کے مطابق مصری لیموزین ڈرائیور کی دیانتداری کے چرچے سوشل میڈیا پر ہو رہے ہیں۔ خطیر رقم ملنے کے باوجود غریب ڈرائیور کا ایمان متزلزل نہ ہوا۔
مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق مطروح کمشنری میں لیموزین چلانے والے سامح رجب سواریاں اتار کر دوپہر کو کچھ دیر سستانے کے لیے سڑک کے ساتھ درخت کے سائے میں بیٹھا تو اسے وہاں ایک بوری دکھائی دی جسے کھولا تو اس میں نوٹوں کی گڈیاں بھری ہوئی تھیں۔
نوجوان ڈرائیور اتنے سارے نوٹ ایک جگہ دیکھ کرپریشان ہو گیا وہ فوراً انہیں گھر لے آیا جہاں اپنی بیوی کے ساتھ نوٹوں کو گنا تو وہ پورے 80 لاکھ پاؤنڈ تھے۔
سامع رجب نے بتایا کہ ’اتنے نوٹ دیکھ کر بھی ایک لمحے کے لیے میرے دل کے کسی گوشے میں انہیں حاصل کرنے کا خیال نہ آیا بلکہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ نوٹوں سے بھری اس بوری کو اس کے مالک تک کیسے پہنچاؤں۔’
ڈرائیور کی اہلیہ نے مشورہ دیا کہ سوشل میڈیا پر رقم کے بارے میں اشتہار دو جس میں علاقے کا بتاؤ مگر دیگر تفصیلات ظاہر نہ کرو۔
مصری ڈرائیور نے فیس بک پر رقم کے تھیلے اور اس علاقے کا نام پوسٹ کر دیا۔ کچھ ہی دیر گزری تھی کہ اسے پیغامات موصول ہونا شروع ہو گئے مگر کسی نے رقم کی درست تفصیلات فراہم نہ کیں اس دوران ایک شخص کا پیغام اسے ملا جس نے رقم کی جملہ تفصیلات سے مطلع کیا جس پر انہوں نے رقم حوالے کر دی۔
گمشدہ رقم حاصل کرنے کے بعد مالک نے انعام کے طور پر 10 لاکھ پاؤنڈ دیے مگر سامع رجب نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ ’اللہ ہمیں ہر مقام پر دیکھ سکتا ہے، کیمروں کا نہیں بلکہ رب کا خوف ہونا ضروری ہے جو ہمارے لیے باعث نجات ہے۔‘

شیئر: