Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان نے سری لنکا کو ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا

افغانستان کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے فضل حق فاروقی چار وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
افغانستان بیٹرز نے 242 رنز کے تعاقب میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف 46 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ عظمت اللہ عمرزئی 73، رحمت شاہ 62 اور حشمت اللہ شاہدی 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے دلشن مدھوشنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ 
سری لنکا کو شکست دے کر افغانستان کی ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور سری لنکا کو پیچھے چھوڑ کر پانچویں پوزیشن پر آگئی۔
پیر کو پونے میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سری لنکا کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 241 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے پاتھم نشانکا نے 46، کپتان کوشل مینڈس نے 39 اور سدیرا سماراوِکاراما نے 36 رنز سکور کیے۔
افغانستان کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے فضل حق فاروقی چار وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ مجیب الرحمان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پونے میں کھیلا جا رہا یہ میچ دونوں ٹیموں کا میگا ایونٹ میں چھٹا میچ تھا۔ آج کی فتح کے بعد افغانستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ سری لنکا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔
اس میچ کے لیے سری لنکا کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں جس کے بعد کوشل پریرا کی جگہ دیمُتھ کرونارتنے اور لاہِیرُو کمارا کی جگہ دشمنتھا چمیرا کو پلئینگ الیون میں شامل کیا گیا۔
 افغانستان نے بھی اپنی پلینگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے نور احمد کی جگہ فضل حق فاروقی کو ٹیم کا حصہ بنایا۔

عظمت اللہ عمرزئی نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اگر دونوں ٹیموں کے درمیان تک اب تک ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کو دیکھا جائے تو افغانستان اور سری لنکا اب تک 12 مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں جس میں سات مرتبہ سری لنکا اور چار مرتبہ افغانستان کو جیت حاصل ہوئی جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔
افغانستان کی پلیئنگ الیون
افغانستان کی ٹیم میں رحمان اللہ گُرباز، ابراہیم زدران، حشمت اللہ شہیدی (کپتان)، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمرزئی، اکرام علی خِیل (وکٹ کیپر)، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق، فضل حق فاروقی شامل ہیں۔
سری لنکا کی پلیئنگ الیون
سری لنکا کی ٹیم میں پاتھم نشانکا، دیمُتھ کرو نارتنے، کوشل مینڈس (کپتان، وکٹ کیپر)، سدیرا سماراوِکاراما، چاریتھ اسالانکا، دھننجایا ڈی سِلوا، انجیلو میتھوز، مہیش تھیکشانا، کاسن راجیتھا، دشمنتھا چمیرا، دلشان مدوشنکا شامل ہیں.

شیئر: