انڈین میجر برطرف، ’پٹیالہ پیگ‘ کا رُکن ہونے پر مزید فوجیوں کو انکوائری کا سامنا
بدھ 1 نومبر 2023 16:45
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
’پٹیالہ پیگ‘ نامی واٹس ایپ گروپ کے اراکین میں متعدد فوجی افسر اور اُن کی بیویاں شامل تھیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی صدر دروپدی مرمو نے سکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے پر فوج کے ایک میجر کو نوکری سے برخاست کردیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انڈین فوج کے میجر کے خلاف ایک انکوائری عمل میں لائی گئی تھی جس کے نتیجے میں انہیں ’قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے‘ کا مرتکب پایا گیا تھا۔
انکوائری کے دوران ضبط کیے گئے موبائل فون میں ’پٹیالہ پیگ‘ نامی ایک واٹس ایپ گروپ بھی ملا تھا جس کے اراکین میں متعدد فوجی افسر اور اُن کی بیویاں شامل تھیں۔
’پٹیالہ پیگ‘ نامی گروپ کا حصہ ہونے پر ایک حاضرِ سروس بریگیڈیئر سمیت 20 دفاعی اہلکار بھی انڈین فوج کی جانب سے تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انڈین فوجی افسر کے خلاف تحقیقات کا آغاز گذشتہ سال مارچ میں ہوا تھا اور اُن کے موبائل فون سے کلاسیفائیڈ دستاویزات برآمد ہوئی تھیں۔ اُن پر یہ بھی الزامات تھے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کسی مبینہ پاکستانی جاسوس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق واٹس ایپ گروپ ’پٹیالہ پیگ‘ کا حصہ ہونے اور سوشل میڈیا پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے پر انڈین فوج نے جولائی 2022 میں تین افسران کو معطل بھی کیا تھا۔
انڈین میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس واٹس ایپ گروپ میں پاکستانی جاسوسوں کے موجود ہونے کا بھی شک ظاہر کیا جا رہا ہے اور تحقیقات کے دوران یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کہیں ’پٹیالہ پیگ‘ کے ذریعے انڈین فوجیوں نے حساس معلومات تو جاسوسوں کے حوالے نہیں کیں۔