Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ٹیچر کے بوائے فرینڈ کے ہاتھوں طالب علم کا قتل

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ٹیچر رچیتا اور بوائے فرینڈ پربھات کو گرفتار کرلیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے شہر کانپور میں ایک سترہ برس کے طالب علم کو اُس کی ٹیچر کے بوائے فرینڈ نے قتل کردیا ہے۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دسویں جماعت کے طالب علم کو اُس کی ٹیوشن ٹیچر رچیتا کے بوائے فرینڈ پربھات شُکلا نے قتل کیا اور پھر اس جُرم کو اغوا کا رنگ دینے کے لیے اس کے خاندان کو تاوان کا خط بھی ارسال کردیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ دسویں جماعت کا طالب علم اپنی مرضی سے پربھات کا پیچھا کرتے ہوئے اپنے گھر سے جائے وقوعہ پہنچا کیونکہ پربھات نے طالب علم کو بتایا کو اسے اس کی ٹیچر نے بُلایا ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں طالب علم اور پربھات دونوں کو سٹور روم میں ساتھ داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ 20 منٹ بعد اس کمرے سے صرف پربھات باہر نکلا۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ طالب علم کو قتل کرنے کے بعد پربھات نے کپڑے تبدیل کیے اور سکوٹر پر کہیں چلا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ٹیچر رچیتا اور بوائے فرینڈ پربھات کو گرفتار کرلیا ہے۔
طالب علم کے خاندان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بیٹے کے حوالے سے تاوان کا ایک دھمکی آمیز خط بھی موصول ہوا تھا۔ لیکن پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق طالب علم کو خط لکھنے سے پہلے ہی قتل کردیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہ خط توجہ قتل سے ہٹانے کی کوشش تھی۔‘

شیئر: