Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی مارکیٹ میں انڈین دوا ساز فیکٹریوں کو درپیش امور پر تبادلہ خیال

مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے سعودی مارکیٹ میں انڈیا کی ادویہ ساز فیکٹریوں کو درپیش مسائل حل کرنے کے حوالے سے انڈین حکام سے ملاقات کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر ھشام بن سعد الجضعی نے انڈیا میں ادویہ، غذائی اشیا اور میڈیکل آلات تیار کرنے والی کمپنیو ں کے ساتھ نئی دہلی میں ملاقات کی۔
اس موقع پر انڈیا میں متعین سعودی سفیر صالح  بن عید الحصینی موجود تھے۔ 
اس موقع پرسعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے دائرہ کار میں آنے والے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
 ادویہ اور غذائی مصنوعات میں تنوع پیدا کرنے اور ان کا معیار برقرار رکھنے کے موضوع پر بھی بات چیت ہوئی۔
علاوہ ازیں دوا سازی سے متعلق ریسرچ اور بائیو ٹیکنالوجی  میں انفرادیت لانے کے حوالے سے تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
اس موقع پر انڈین فارماسیوٹیکل ایکسپورٹ پروموشن کونسل، انڈین فارماسیوٹیکل الائنس، انڈین فارماسیوٹیکل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، اور فوڈ اینڈ فارماسیوٹیکل ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف انڈیا  کے  عہدیدار موجود تھے۔ 
یاد رہے کہ ایس ایف ڈی اے کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر ھشام الجضعی نے جمعے کو انٹرنیشنل انڈین فوڈ کانفرنس 2023 (ڈبلیو ایف آئی) کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی تھی۔ 
 کانفرنس کا اہتمام  انڈین فوڈ انڈسٹری کی وزارت نے انڈین ایوان صنعت و تجارت فیڈریشن کی شراکت سے نئی دہلی میں کیا۔

شیئر: