Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے المغازی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں 30 افراد ہلاک

المغازی کیمپ پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ فوٹو: اے پی
وسطی غزہ میں قائم  پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیل نے بمباری کی ہے جس میں 30 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ میں وزارت صحت نے کہا ہے کہ سنیچر کی رات گئے اسرائیل نے المغازی کیمپ پر بمباری کی۔
وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الاقصیٰ شہدا ہسپتال میں 30 سے زیادہ لاشیں لائی گئی ہیں۔ 
حماس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر بیان میں کہا کہ اسرائیل نے براہ راست شہریوں کے گھروں پر بمباری کی ہے، ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
ترکی کی خبر رساں انادولو ایجنسی کے صحافی محمد العلول نے کہا ’المغازی کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں میرے ہمسائے کے گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ میرا گھر بھی کچھ حد تک تباہ ہوا ہے۔‘
محمد العلول نے اے ایف پی کو بتایا کہ ان کے بھائی سمیت 13 سالہ بیٹا احمد اور چار سالہ بیٹا قیس بھی حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ بیوی، ماں اور دو بچے زخمی ہیں۔‘
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تعین کرنا باقی ہے کہ کیا بمباری کے وقت اسرائیلی دفاعی افواج علاقے میں موجود تھیں۔
اسرائیل نے 7 اکتوبر کو ہونے والے حملے کے جواب میں حماس کو تباہ کرنے کا عہد کیا ہوا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 9 ہزار 480 فلسطینی اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔
غزہ کا محاصرہ مکمل ہونے کے بعد سنیچر کو اسرائیلی چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ ہرزی ہلیوی نے شہر کا دورہ کیا اور فوجیوں سے ملاقات کی تھی۔
وزیر دفاع یوو گیلنٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج غزہ میں بھرپور طریقے سے لڑ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا ’فوج نے شہر کے جنوبی اور شمالی حصوں سے کارروائی کی اور اب آبادی والے علاقوں میں داخل ہو گئی ہے۔‘

شیئر: