Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادی تیراہ میں جھڑپ، لیفٹننٹ کرنل سمیت چار اہلکار جان سے گئے

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوج کے ایک لیفٹننٹ کرنل سمیت چار اہلکار جان سے گئے ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کو سکیورٹی فورسز نے تیراہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اینٹلیجنس معلومات پر مبنی آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں فوج کے دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں تلاش کیا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک جب کہ تین زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوش دل خان، نائیک رفیق خان، لانس نائیک عبدالقادر شہید ہو گئے۔‘
43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اسلام آباد کے رہائشی تھے۔
31 سالہ نائیک خوش دل خان کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے جبکہ 27 سالہ نائیک رفیق خان ضلع چارسدہ اور 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر ضلع مری کے رہنے والے تھے۔
دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

شیئر: