ہمارے خلاف الیکشن لڑنے والوں کو ویلکم کہتے ہیں: آصف علی زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف الیکشن لڑنے والوں کو ویلکم کہتے ہیں۔
منگل کو صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’جو مخالف الیکشن میں آ رہے ہیں اور ہمارے خلاف لڑیں گے انہیں بسم اللہ، آئیں آپ کھڑے ہوں ہم آپ کو ویلکم کرتے ہیں۔ جمہوریت ہو گی آپس میں مقابلہ ہو گا تو تبھی جا کر بہترین نتیجہ سامنے آئے گا۔ اور ہم کسی کو منع نہیں کرتے، ہم کہتے ہیں آپ اپنی سیاست کریں ہماری اپنی سیاست ہے۔‘
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے منگل کو لاہور میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات بھی کی ہے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہا کہ ’ہم نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف اس لیے نہیں تحریک چلائی کہ ہمیں طاقت کی ضرورت تھی۔ سوال یہ ہے کہ ہمیں عوام کے حقوق کی ضرورت ہے اور ہمیں ملک کی ترقی کی ضرورت ہے۔ ان سے ترقی نہیں ہو رہی تھی۔‘
’میں آٹھ سال سے دیکھ رہا تھا ان سے کچھ نہیں ہوتا، ان کو نہ کام کرنا آتا ہے اور نہ کروانا آتا ہے۔‘
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اگر ہم نے اپنے صدارتی اختیارات کم کیے تھے اور پارلیمنٹ کو دیے تو اس کی بھی ایک سوچ ہے۔ اگر ’میں پارلیمان کے اختیارات صدر کے عہدے کے پاس چھوڑ دیتا تو کل کو کوئی بھی آ کر ان کا استعمال کر کے ڈکٹیٹر بن سکتا تھا۔ اب ڈکٹیٹر بننے کے لیے اسے مارشل لا لگانے پڑے گا اور مارشل لا آج کی صدی میں لگانا اتنا آسان نہیں ہے۔‘