مس یونیورس مقابلہ، ’لبنان کی مایا‘ اور ’مصر کی موہرا‘ شرکت کریں گی
اتوار 12 نومبر 2023 10:12
مصر کی موہرا طنطاوی کے مطابق وہ کبھی اس طرح سٹیج پر نہیں رہیں۔ فوٹو: انسٹاگرام
مس یونیورس کے انتخاب کے لیے مقابلے رواں ماہ کی 18 تاریخ کو ایل سلواڈور میں ہوں گے۔
مس لبنان 2023 مایا ابوالحسن 18 نومبر کو ایل سلواڈور میں ہونے والے 72 ویں مس یونیورس مقابلے میں لبنان کی نمائندگی کریں گی جبکہ مصر کی اکیس سالہ بیوٹی کوئین، موہرا طنطاوی مس یونیورس کے مقابلہ حسن میں اپنے ملک کی طرف سے شرکت کریں گی۔
مس یونیورس کے مقابلے میں شرکت سے قبل عرب نیوز سے گفتگو میں لبنان اور مصر کی بیوٹی کوئینز نے اپنے بچپن اور زندگی کے بارے میں بتایا۔
مایا ابو الحسن لبنان کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئیں اور ہمیشہ سے ہی توجہ کا مرکز رہیں۔
مایا نے کہا کہ ’جب میں چھوٹی تھی تو اپنے والدین کے فلپ فون کا استعمال کرتے ہوئے تصاویر کھینچتی اور دن بھر مختصر ویڈیوز بناتی۔ اس وقت سوشل میڈیا کا استعمال نہیں تھا اس لیے اپنی ہی دنیا میں رہ رہی تھی، لیکن جب میں نے 19 سال کی تھی تو سوشل میڈیا پر آغاز کیا اور اسے زیادہ سنجیدگی سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں ہمیشہ سے چاہتی تھی کہ اپنے ملک کی کسی نہ کسی طریقے سے نمائندگی کروں، اور جب مس لبنان کا حصہ بننے کا موقع آیا تو میں انکار نہیں کر سکی۔‘
یونیورسٹی میں کل وقتی تعلیم کے دوران دو ملازمتیں کرنا مایا ابوالحسن کے لیے ایک چیلنج ثابت ہوا، لیکن اس کا ایک مقصد تھا کہ وہ خود کو منوانا چاہتی تھی۔
دوسری جانب مصر کی 21 سالہ بیوٹی کوئین، موہرا طنطاوی مس یونیورس کے مقابلہ حسن میں مصر کی نمائندگی کرنے اور تاج پہن کر عالمی سطح پر اپنی جگہ بنانے کے لیے تیار نظر آتی ہیں۔
عرب نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں موہرا طنطاوی نے اپنے طوفانی سفر اور عالمی سطح پر مصر کی نمائندگی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعی ایک اعزاز کی بات ہے کہ ’مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے اور اس سفر کا حصہ بننے کا موقع ملا۔‘
موہرا نے کہا کہ ’میرے لیے اس کا مطلب ہے کہ میں وہ سب کچھ دنیا کو دکھاؤں جو مصر کو پیش کرنا ہے، دنیا کو یہ دکھانے کے لیے کہ مصری واقعی کس چیز سے بنے ہیں۔‘
موہران طنطاوی نے کہا کہ پچھلے کچھ مہینوں کے واقعات کو اپنے سر سے اُتارنا کافی چیلنجنگ رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی اپنے آپ کو یہاں دیکھنے کی توقع نہیں کی۔ میں اس طرح سٹیج پر آنے کے ساتھ بڑی نہیں ہوئی۔ یہ ایسی چیز نہیں جو مجھ میں چھوٹی عمر میں ڈالی گئی تھی، لیکن میں اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہوں کہ جو آپ کے لیے ہے وہ آپ کو مل جائے گا اور یہ بالکل وہی ہے جو مس یونیورس مصر کے طور پر میں نے کیا۔‘