Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ میں بغیر کوئی میچ ہارے چیمپیئن بننے والی ٹیمیں کون سی ہیں؟

ویسٹ انڈیز 1975 اور 1979 کے ورلڈ کپ میں ناقابلِ شکست ٹیم رہی تھی (فوٹو: آئی سی سی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ بلاشبہ کرکٹ کی دنیا کا سب سے معتبر ایونٹ ہے جسے ہر ٹیم جیتنا چاہتی ہے۔
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شریک تمام دس ٹیموں نے میگا ایونٹ اپنے نام کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم فائنل میں صرف انڈیا اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ہی کوالیفائی کر پائی ہیں۔
انڈیا اس ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے جس نے پورے ورلڈ کپ میں اب تک ایک میچ بھی نہیں ہارا۔
پورے ورلڈ کپ میں کوئی بھی میچ نہ ہارنا ایک غیرمعمولی بات ہے تاہم روہت شرما کی ٹیم انڈیا نے یہ کام کر دکھایا ہے جس کے بعد وہ ٹائٹل سے صرف ایک جیت کی دوری پر ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک کون سی ٹیمیں پورے ایونٹ میں بغیر کوئی میچ ہارے چیمپئین بنی ہیں۔
ویسٹ انڈیز 1975
سنہ 1975 میں کھیلے گئے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے پہلے ورلڈ کپ میں کلائیو لائیڈ کی قیادت میں چیمپیئن بننے والی ویسٹ انڈین ٹیم اُس پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی تھی۔ ویسٹ انڈین ٹیم نے اُس ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر پانچ میچ کھیلے تھے جس میں انہوں نے فائنل سمیت تمام میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔
ویسٹ انڈیز 1979
پہلا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ویسٹ انڈین ٹیم نے کلائیو لائیڈ کی قیادت میں 1979 کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔ اس ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے پانچ میچ جیتے تھے جبکہ سری لنکا کے خلاف اُن کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا۔
 

2007 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے مسلسل تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا 2003
سنہ 2003 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور کینیا میں کھیلے گئے اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے فائنل میں انڈیا کو شکست دے کر ٹرافی مسلسل دوسری مرتبہ اپنے نام کی تھی۔ اِس ورلڈ کپ میں رکی پونٹنگ کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم نے فائنل سمیت مسلسل 11 میچوں میں فتح حاصل کی تھی۔
آسٹریلیا 2007
ویسٹ انڈیز میں 2007 میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں کینگروز نے لگاتار تیسری اور مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ ٹرافی جیتی تھی۔ سنہ 2003 کے ورلڈ کپ کی طرح اس ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا نے فائنل سمیت تمام 11 میچ جیتے تھے۔
اگر 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں انڈین ٹیم آسٹریلیا کو ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو انڈیا بغیر کوئی میچ ہارے ورلڈ کپ جیتنے والا تیسرا ملک بن جائے گا۔
 

شیئر: