Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ ورلڈ کپ میں زیادہ رنز بنانے اور وکٹیں لینے والے کھلاڑی کون کون سے ہیں؟

ایڈم زیمپا اس ورلڈ کپ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے جس کے بعد اس میگا ایونٹ میں صرف تین ناک آؤٹ میچ باقی رہ گئے ہیں۔
 
ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ کو ممبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو کولکتہ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا۔
کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اس ورلڈ کپ میں شریک دس ٹیموں کے کئی بیٹرز نے دوست پچز سے خوب فائدہ اٹھایا اور شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
اسی طرح بولنگ کے لیے نسبتاً مشکل پچز پر ہر ٹیم کے بولروں نے خوب جان ماری اور وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔
اس ورلڈ کپ میں اگر اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست کو دیکھا جائے تو اس میں سب سے اوپر انڈیا کے سٹار بیٹر وراٹ کوہلی ہیں جنہوں نے اس میگا ایونٹ میں اب تک 594 رنز بنائے ہیں۔
وراٹ کوہلی کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک ہیں جنہوں نے 9 میچوں میں 591 رنز بنائے ہیں۔
اس فہرست میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر نیوزی لینڈ کے نوجوان سٹار رَچن رویندرا ہیں جنہوں نے اب تک 565 رنز بنا لیے ہیں۔
اس فہرست میں انڈین کپتان روہت شرما 503 رنز بنا کر چوتھے اور آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر 499 رنز بنا کر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کے بولر مارکو یانسین نے اب تک 17 وکٹیں حاصل کی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے رَسی فین ڈر ڈسن بھی شامل ہیں جنہوں نے اب تک 442 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ اُن کے بعد آسٹریلیا کے مچل مارش کا نمبر ہے جنہوں نے گروپ مرحلے میں 426 رنز بنائے ہیں۔
اسی طرح اس فہرست میں انڈین بیٹر شریاس ایئر، کیوی بیٹر ڈیرل مِچل اور انگلش بیٹر ڈیوڈ ملان کا بھی نام ہے جنہوں نے بالترتیب 421، 418 اور 404 رنز بنائے ہیں۔
اس کرکٹ ورلڈ کپ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آسٹریلوی سپنر ایڈم زیمپا ہیں جنہوں نے گروپ مرحلے میں 22 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اُن کے بعد سری لنکا کے فاسٹ بولر دلشان مدھوشنکا کا نام آتا ہے جنہوں نے میگا ایونٹ میں 21 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ کو ممبئی میں کھیلا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

بولرز کی فہرست میں تیسرا نام پاکستانی پیسر شاہین شاہ آفریدی کا ہے جنہوں نے 9 میچوں میں 18 شکار کیے جبکہ اُن کے بعد جنوبی افریقی بولر جیرالڈ کوئٹزیا ہیں جو 18 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔
ورلڈ کپ میں زیادہ وکٹیں لینے والے بولروں میں پانچواں نام جنوبی افریقہ کے مارکو یانسین کا ہے جو اب تک 17 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
اسی طرح انڈین بولر جسپریت بمراہ نے جاری میگا ایونٹ میں 17، انڈیا ہی کے محمد شامی نے 16 جبکہ نیوزی لیںڈ کے مچل سینٹنر 16 بیٹرز کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔

شیئر: