مملکت میں پہلا ہائیڈروجن ٹرک لانچ کردیا گیا
لانچ کیا جانے والا ہائیڈروجن ٹرک کاربن فری ہے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) نے منگل کو المجدوعی لاجسٹک کمپنی کے تعاون سے پہلا ہائیڈروجن ٹرک لانچ کردیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ٹی جی اے نے یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے مقررہ اہداف کے مطابق کیا ہے جس کے تحت ملک کو کاربن کی آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جانا ہے۔
ٹی جی اے نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ہائیڈروجن ٹرک کاربن فری ہے۔ اس سے لاجسٹک خدمات اور ٹرانسپورٹ کی قومی حکمت عملی کے اہداف پورے ہوں گے۔ ٹرک سلامتی کے ضوابط کے مطابق سامان کی منتقلی کے لیے سپیشل طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
مذکورہ ٹرک میں 35 کلو گرام تک ہائیڈروجن کی گنجائش ہے۔
ٹی جی اے نے بتایا کہ المجدوعی کمپنی کو مملکت میں ہائیڈروجن ٹرک آپریٹ کرنے والا پہلا لائسنس جاری کردیا گیا ۔